کٹھوعہ//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے شروع کی گئی عوام دوست پالیسیوں کے بہتر نتائج سامنے آنے لگے ہیں اور ریاست میں ترقیاتی عمل آگے بڑھ رہا ہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار عوامی دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس عوامی دربار میں بسوہلی ، کٹھوعہ ، ہیر ا نگر ، بنی اور بلاور سے تعلق رکھنے والے کافی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر چیئرمین پولیوشن کنٹرول بورڈ بی سدارتھا کمار کے علاوہ کئی محکموں کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وزیر نے لوگوں سے پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی اور بہبودی سکیموں سے استفادہ کریںاور ریاست میں امن اور ترقی کی بحالی کے لئے حکومت کو اپنا بھر پور تعاون دیں ۔ انہوں نے کہا کہ رواں حکومت کے دورمیں ریاست کے تینوں خطوں میں ترقیاتی عمل آگے بڑھ چکا ہے اورلوگوں کو ہر طرح کی بنیادی سہولیات مہیا کرا ئی جارہی ہیں۔لال سنگھ نے کہا کہ حکومت لوگوں کے مسائل سے بھی پوری طرح باخبر ہے اور ان مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے ایک جامع منصوبہ عملایا جارہا ہے۔اُنہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ مختلف علاقوں میں سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کریں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پروجیکٹوں کی عمل آوری کے لئے حکومت نے معقول رقومات مختص رکھی ہے ۔وزیر نے ترقیاتی عمل میں عوامی نمائندوں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ عوامی نوعیت کے کاموں کو ترجیحات میں شامل کیا جانا چاہیئے۔بعد میں کئی وفود نے وزیر کے ساتھ ملاقات کی اوراپنے اپنے مسائل کو اُجاگر کیا۔وزیر نے یہ مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کے لئے اپنی افرادی قوت اور مشینری قوت کو متحرک کریں۔