جموں//بی جے پی رکن قانون سازکونسل سریندر موہن امبردار سکوٹی پر سوار ہو کر اسمبلی ہال پہنچے۔ سفید کشمیری فرن میں ملبوس ایم ایل سی کا کہنا تھا کہ وہ وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کی ترغیب دینے کے ساتھ ساتھ جموںاور سرینگر شہر میں ٹریفک کی تشویشناک صورتحال کی جانب توجہ مبذول کروانے کی غرض سے سکوٹی پر سوار ہو کر آئے ہیں ۔ ہال میں داخل ہونے سے قبل امبر دار نے اسمبلی کمپلیکس کے چاروں طرف سکوٹی پر چکر لگایا ۔ انہوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں اور سرینگر میں لوگوں کو ہر روز گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہنا پڑتا ہے ، لوگوں کی ان مشکلات کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لانے کے لئے میں نے یہ طریقہ کار اختیار کیا ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کم از کم ہفتہ اور اتوار کے روز کاروں کے بجائے دو پہیہ گاڑیوں کا استعمال کریں۔