اسلام آباد// پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے انہیں رینجرز نے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا ہے ۔اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ انہیں رینجرز نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا ہے ۔سابق وزیراعظم کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب مختلف مقدمات کے سلسلے میں لاہور سے اسلام آباد ہائیکورٹ آئے تھے ۔ ان کی گرفتاری کے موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پولیس اور وکلا میں تصادم بھی ہوا ہے ۔ پولیس تشدد سے زخمی گارڈز اور وکلا کو ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے ۔عمران خان کو گرفتاری کے بعد اسلام ہائیکورٹ سے لے جایا گیا ہے ۔فواد چوہدری نے عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وکلا کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ فرخ حبیب نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخل ہوتے ہی گرفتار کرلیا گیا ہے ۔عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے ملک بھر کے عوام سے گھروں سے باہر نکلنے کی اپیل کردی ہے دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے ان کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔
پاکستان میں جمہوریت اوربنیادی حقوق دفن ہوچکے ہیں:عمران خان
یواین آئی
اسلام آباد//پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کا گرفتاری کے بعد ریکارڈڈ ویڈیوبیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے آپ سے دوبارہ مخاطب ہونے کا موقع نہ ملے ۔اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ‘جب تک میرے الفاظ آپ تک پہنچیں گے ، مجھے ایک ناجائز کیس میں بند (گرفتار) کردیا گیا ہوگا’انہوں نے کہا کہ اس سے ایک چیز سب کو واضح ہونی چاہیے کہ پاکستان میں بنیادی حقوق، آئین میں دیے گئے حقوق اور جمہوریت دفن ہو چکی ہے ۔انہوں نے اپنے ریکارڈ شدہ ویڈیو بیان میں کہا کہ ہو سکتا ہے کہ اس کے بعد آپ سے مخاطب ہونے کا موقع نہ ملے ، اس لیے میں دو تین باتیں کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے یہ کہ پاکستانی قومی 50 برس سے مجھے جانتی ہے کہ میں نہ کبھی آئین کے خلاف گیا اور نہ ہی کبھی پاکستان کا قانون توڑا ہے ۔عمران خان نے کہا کہ میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ میں جو بھی جدوجہد کروں وہ پرامن اور آئین میں دیے گئے پرامن احتجاج کے حق کے اندر رہ کر کروں۔