سرینگر//کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کے صدر کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزرات خارجہ ترجمان نے کہا کہ بھارت کے اندرونی معاملات میں کسی کو بات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے اور آئندہ ایسے بیانات سے گریز کیا جائے ۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کا موقف اس کے منشور اور اس سلسلے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے اور انہوں نے پاکستان اور بھارت کو مشورہ دیا تھا کہ تنازعہ کشمیر کی ہیت کو تبدیل کرنے کے اقدامات سے گریز کیا جائے ۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے مرکزی وزرات خارجہ ترجمان نے کہا کہ جموں کشمیر کے معاملے میں کسی کو دخل دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور بھارت اس چیز کو برداشت نہیںکر سکتا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر یونین ٹریٹر ی پہلے ہی بھارت کے ساتھ مکمل طور پر ضم ہو چکی ہے اور جموں کشمیر پہلے سے ہی بھارت کا اٹوٹ انگ تھا اور ہمیشہ رہے گا ۔ انہوںنے کہا کہ تمام ممالک پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ جموں کشمیر کے معاملے میں بات کرنے سے گریز کیا جائے کیونکہ بھارت اچھی طرح سے جانتا ہے کہ کس طرح سے وہ اپنے معاملات کو سنبھال سکتا ہے ۔