سرنکوٹ//سرنکوٹ کے اقبال نگر محلہ کے لوگوں نے حکومت اور انتظامیہ کے خلاف احتجاجی دھرنادیا جس دوران انہوںنے نعرے بازی کی ۔ انہوںنے کہاکہ محلہ کے کئی مکان پسی کی زد میں آکر گرنے کی دہلیز پر ہیں لیکن انتظامیہ کو ٹس سے مس نہیں ۔ انہوںنے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور اس دوران سرنکوٹ بازار سے گزرنے والی سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا۔ مقررین نے کہا کہ سرکار کو آج تین سال ہوچکے ہیں لیکن لوگوں کے مسائل دھرے کے دھرے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ایک باندھ بھی تعمیر نہیں کیاجارہا تاکہ ان کے مکانات کو تحفظ مل سکے ۔انہوںنے الزام لگایا کہ سرنکوٹ کے آفیسروں سے جب بھی کسی کام کی بات کی جاتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ ان کے پاس پیسہ نہیں۔انہوںنے کہاکہ سرنکوٹ میں میونسپلٹی نام کی کوئی شے ہی نہیں ہے اور اس ادارے کے قیام کے بعد ان کو فائدے کے بجائے الٹا نقصان ہواہے ۔ انہوںنے کہاکہ ان کے گھروں کو نالے پر گرنے والی پسی سے خطرہ ہے اور پسی کے ملبے نے راستہ بھی روک دیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ ان کے بچے سکول نہیں جاسکتے کیوںکہ راستہ ہی بند ہوگیاہے جبکہ عورتیں اور بزرگ بھی محصور ہوکر رہ گئے ہیں ۔احتجاج کی خبر ملتے ہی تحصیلدار سرنکوٹ روہت شرما وہاں پہنچے اور انہوںنے یقین دلایاکہ وہ باندھ کی تعمیر کا کام شروع کرائیںگے ۔ اسی یقین دہانی پر لوگوں نے احتجاج ختم کیا اور گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوئی ۔بعد میں ایس ڈی ایم سرنکوٹ ڈاکٹر بشارت حسین نے موقعہ پر حالات کا جائزہ لیا اور حکام کو ہدایت دی کہ وہ تخمینہ رپورٹ تیار کریں تاکہ کام شروع کیاجاسکے۔