جموں//ضلع بڈگام کی تحصیل چاڈورہ کے ایک دورافتادہ گائوں کی ایک بارہ سالہ لڑکی اِفرارفیق نے کلکتہ میں منعقدہ نیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں سلورمیڈل جیتاہے اوراس اعزازکے بعداس کمسن بچی کوعالمی کراٹے چیمپئن شپ کیلئے بھی منتخب کرلیاگیاہے اوروہ ہانک کانگ میں اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کرکے ریاست کے نام کوپھرچارچاندلگانے کاسبب بننے کیلئے پرعزم ہے۔تفصیلات کے مطابق چاڈورہ تحصیل کے گائوں برنواراورڈون انٹرنیشنل سکول سرینگرمیں ساتویں جماعت میں زیرتعلیم افرارفیق دخترچودھری رفیق لالی نے کلکتہ میں منعقدہ نیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کاتمغہ حاصل کرکے ریاست کانام فخرسے بلندکیا۔ عالمی کراٹے چیمپئن شپ کے منتظمین نے افرارفیق کی کارکردگی سے متاثرہوکراسے ہانک کانگ میں منعقدہونے والی عالمی کراٹے چیمپئن شپ کیلئے منتخب کرلیاہے۔ اس سلسلے میں افرارفیق کاکہناہے کہ انسان کاکام محنت کرناہے اوراس کاپھل اللہ تعالیٰ کی ذات دیتی ہے۔انہوں نے کہاکہ میری کامیابی میں میری محنت کے ساتھ ساتھ والدین اورمیرے کوچ کی رہنمائی اوربھرپورتعاون شامل ہے ۔انہوں نے کہاکہ والدین کاتعاون حاصل نہ رہتاتواتنے بڑے مقابلوں میں صلاحیتوں کامظاہرہ نہیں کرسکتی تھی۔انہوں نے کہاکہ ہانک کانگ میں عالمی کراٹے چیمپئن شپ میں اچھی کارکردگی کیلئے ہرممکن کوشش کروں گی ۔برنوارگائوں کے لوگوں اور والدین ورشتہ داروں نے افراکے کوچ کومبارکبادپیش کی ہے اورکہاہے کہ کوچ کاکسی بھی کھلاڑی کے کھیل میں اہم رول ہوتاہے ۔گوجربکروال طبقہ نے بھی افرارفیق کوریاست اورگوجرطبقہ کانام روشن کرنے کیلئے مبارکبادپیش کرتے ہوئے توقع کی ہے کہ وہ آئندہ بھی شاندارکھیل کامظاہرہ کرکے ملک وقوم کے نام کوبلندکریں گی۔