راجوری // راجوری کے ڈھانگری علاقے میں سینئر سماجی کارکن سرپنچ یوگیش شرما کی قیادت میں ترنگا موٹر سائیکل ریلی کا اہتمام کیا گیا جو ڈھانگری سے مراد پور تک نکالی گئی ۔ اس موقعہ پر اے ڈی ڈی سی راجوری اوتار سنگھ چب موقعہ پر موجودتھے جنہوں نے ہری جھنڈی دکھاکر اس موٹرسائیکل ریلی کو روانہ کیا ۔ یوگیش شرما نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ برہمن سبھا کے زیر اہتمام ترنگا ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں سینکڑوں نوجوانوں نے حصہ لیکر ملک کے تئیں والہانہ محبت کا اظہار کیا اور ترنگے کی سربلندی کے لئے جوش وولولہ دکھایا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ برہمن سبھا ہمیشہ ملک کی تعمیر وترقی کے لئے پیش پیش رہتی ہے اور اس بار بھی ملک میں ہورہے تمام تہواروں پر برہمن سبھا سے وابستہ نوجوانوں نے محبت واخوت اور حب الوطنی کا ثبوت پیش کرتے ہوئے ترنگا ریلی میں حصہ لیا ۔ انہوں نے اے ڈی ڈی سی اوتار سنگھ چب کا شکریہ کیا ۔