آڈھال پوگل میں75 گھروں کے بجلی کنکشن کاٹنے کے خلاف لوگوں میںغم و غصہ علاقے میں صرف 7صارفین کے بجلی کنکشن ،ٹرانسفارمر سے ہی سپلائی بند کر دی گئی ہے: محکمہ

محمد تسکین

بانہال//محکمہ بجلی کی طرف سے سب ڈویژن رامسو کی تحصیل اْکڑال پوگل پرستان کے کئی علاقوں میں ماہ رمضان کے مبارک مہینے میں 75 کے قریب گھروں کی بجلی کاٹنے کے خلاف صارفین میں غم و غصہ پایا جارہا ہے اور انہوں نے ڈپٹی کمشنر رامبن بصیر الحق چوہدری ،تحصیلدار بانہال اور محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو سے معاملہ میں مداخلت کرکے درج شدہ بجلی کنکشنوں کو فوری طور بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔پنچایت پوگل لور وارڈ نمبر ایک اڈھال پوگل کے لوگوں کو نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ چار روز پہلے محکمہ بجلی ایک ٹیم علاقے میں پہنچی اور انہوں نے 75 سے زائد گھروں کے بجلی کنکشن غیر قانونی کنکشن کے نام پرکاٹ دیئے ہیں جس کی وجہ سے آڈھالہ کی پوری بستی گھپ اندھیروں میں ہے اور رمضان کی ساری رونقیں ان کیلئے اندھیروں میں تبدیل کی گئی ہیں۔ اڈھالہ پوگل کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ رمضان کے مہینے میں بجلی کے بغیر زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ہے اور اس کیلئے یہاں تعینات ایک انچارج افسر ذمہ دار ہے اور وہ مبینہ طور طور اس وارڈ کے کچھ لوگوں سے ذاتیات کی بنا پر پریشان کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں کچھ لوگوں کے بجلی کنکشن غیر قانونی ہوسکتے ہیں لیکن محکمہ بجلی نے تمام لوگوں کو کنکشن کاٹنے کی زد میں لایا ہے اور پورا علاقہ پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس علاقے میں محکمہ بجلی کے بقول ستر گھر غیر قانونی طور بجلی جلا رہے تھے تو ان کے خلاف محکمہ بجلی کی طرف سے اب تک کوئی کارروائی کیوں نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے بجلی حکام سے غریب صارفین کے ساتھ رعائت برتنے کی اپیل کی ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ یہ معاملہ تحصیلدار اْکڑال پوگل پرستان کی نوٹس میں بھی لایا گیا ہے لیکن ابھی تک معاملہ حل نہیں ہوا ہے اور پورا علاقہ ماہ مبارک کے ان ایام میں بغیر بجلی کے پریشانیوں کا سامنا کر رہا ہے۔یہ تمام معاملہ جب محکمہ بجلی سب ڈویژن بانہال کے حکام کی نوٹس میں لایا گیا تو انہوں نے کہا کہ اڈھال کے علاقے میں 70 گھر غیر قانونی کنکشن پر بجلی جلاتے تھے جبکہ صرف چھ سے سات گھروں کے ہی کنکشن رجسٹرڈ ہیں اور درج کنکشن والوں کی بھی بجلی فیس بقایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کنکشن والوں کے ساتھ پوری بستی کی بجلی ٹرانسفارمر سے ہی کاٹ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ بجلی صارفین کو اپنی بلیں ادا کرنی ہوں گی اور غیر قانونی طور بجلی چلانے والوں کو اپنے غیر قانونی کنکشن باقاعدہ بنانے ہوں گے اور اس کے بعد ہی اڈھال کی بستی کو بجلی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے صارفین بجلی سے تعاون کی اپیل کی ہے اور اپنی بجلی چلیں وقت پر ادا کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ بغیر کسی خلل کے بجلی کو چلایا جا سکے۔