۔9ویں سے 12ویں تک ٹیلی کلاسز شروع کرنیکا امکان

 سرینگر// جموں کشمیر حکومت کی جانب سے9ویں سے لیکر12ویں جماعت تک با قاعدہ طور پر ٹیلی کلاسز شروع کرنے کا امکان ہے۔ حکومت طلبہ کے تعلیمی نقصانات کی تلافی کے لئے نویں سے بارہویں جماعت کے  اہم مضامین کیلئے باقاعدہ طور پرٹیلی کلاسز شروع کرنے پر زور دے رہی ہے۔محکمہ اسکول ایجوکیشن کے انتظامی سیکریٹری بی کے سنگھ نے بتایا کہ محکمہ اس سلسلے میں ایک تجویز تیار کررہا ہے اور اس کومنظوری کے لئے حکومت کو پیش کرے گا۔سنگھ نے کہا ،’’9ویں سے12ویں جماعت کے کلاسوں کے طلبا کیلئے سکولی اوقات کے مطابق دن بھر باقاعدہ ٹیلی کلاسز شروع کرنے کی تجویز ہے‘‘۔ وادی میں مجموعی طور پر گزشتہ22ماہ سے سرکاری اور نجی اسکول درس و تدریس کیلئے بند ہیں۔ گزشتہ برس فروری کے آخری ہفتے میں صرف ایک ہفتے کیلئے اسکولوں میں درس و تدریس کا کام شروع ہوا تھا،تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے اسکولوں کو بند کیا گیا۔ امسال بھی فروری کے آخری ہفتے میں متبادل ایام میں جفت و طاق رول نمبرات کی بنیاد پر قریب2ہفتوں تک اسکول کھل گئے تاہم مارچ میں کورونا لہر میں اضافے کے بعد انہیں پھر سے بند کیا گیا۔