جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے قانون ساز اسمبلی کو اطلاع دی کہ اس وقت ریاست میں 32 سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کام کر رہے ہیں ۔ ان میں ترال کا سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بھی شامل ہے اور جو مقامی لوگوں کی طبی ضروریات کو پورا کر رہا ہے ۔ قانون ساز اسمبلی میں مشتاق احمد شاہ کے ایک سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ حلقہ انتخاب ترال میں چار آئی ایس ایم ڈسپنسریوں کی منظوری دی گئی ہے ان میں سے تین کام کر رہی ہیں اور ماگہامہ میں بہت جلد ایک ڈسپنسری کام کرنا شروع کرے گی ۔ وزیر نے مزید بتایا کہ ضابطے کے تحت ڈاڈسرا، چرسو ، آری پل ، لال پورہ ، ہاری ، سوئے بُگ ، بچھو ، پتھنور اور نور گام جیسے علاقوں میں سی ایچ ایس اور پی ایچ سیز کو کھولا نہیں جا سکتا تا ہم انہوں نے کہا کہ حکومت نے حلقہ انتخاب ترال میں ایک آیور ویدک ہسپتال قایم کرنے کی ایک تجویز تیار کی ہے ۔ ست پال شرما نے ضمنی سوال کے دوران جموں ویسٹ میں طبی اداروں کو اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کیا ۔