جموں// یوم جمہوریہ کے موقع پر لال قلعے میں ہونے والے تشدد میں مبینہ کردارادا کے لئے ایک کسان رہنما سمیت دو افراد کی گرفتاری کے بعد مشتعل مظاہرین نے ستواری میں جموں پٹھان کوٹ شاہراہ بلاک کردی۔ستواری کے چٹھہ کے جموں کشمیر یونایٹیڈ کسان فرنٹ کے چیئر مین موہندر سنگھ (45) اور جموں کے گول گوجرال کے مندیپ سنگھ (23) کو کل رات جموں سے دہلی پولیس نے پکڑا۔دلی پولیس کے مطابق دونوں لال قلعہ پر تشدد میں ’’کلیدی شرکاء اور سازشی ‘‘ ہیں۔دونوں کی گرفتاری دلی پولیس کی کرائم برانچ نے گذشتہ رات عمل میں لائی اور دونوں کو پوچھ تاچھ کیلئے دلی منتقل کیا گیا۔ دلی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس کاروائی میں جموں کشمیر پولیس بھی شر یک تھی۔عینی شاہدین نے ان کی گرفتاری کے بعد ، بڑی تعداد میں لوگوں نے گھروں سے باہر آکر کل رات احتجاج کیا اور آج صبح احتجاج پھر شروع ہوا۔ایک پولیس افسر نے بتایا ، "مظاہرین نے 2 گھنٹے تک ڈگیانہ میں گاڑیوں کی آمدورفت کو روکنے کے لئے دھرنا دیا"۔ افسر نے کہا کہ ‘‘ہم نے انہیں نہیں اٹھایا ہے۔ تاہم ، دہلی پولیس کی ایک ٹیم یہاں پہنچی اور وہ انہیں لے گئے‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مظاہرین ، جو گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے ، سول انتظامیہ نے انھیں پرسکون کردیا۔ بعد میں ، وہ پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔