۔2 گھنٹوں کی بارش سے مینڈھر قصبہ تالاب میں تبدیل

 مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں ہوئی لگ بھگ دو گھنٹوں تک بارش کی وجہ سے نکاسی نظام مکمل مفلوج ہوکر رہ گیا جبکہ درجنوں دکانوں و رہائشی گھروں میں نالیوں کا پانی داخل ہونے کی وجہ سے لوگوں کا شدید نقصان ہوا ۔تاجروں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ قصبہ کی نالیوں کا کئی عرصہ سے صاف ہی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ایک معمولی بارش بھی ان کیلئے بڑی پریشانی کا باعث بن جاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ہوئی شدید بارش کے بعد مینڈھر کا مین قصبہ تالابی صورتحال اختیار کر گیا جس کی وجہ سے دکانوں میں ان کا ساز و سامان بھی خراب ہو گیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ نالیوں کا پانی ان کے گھروں میں داخل ہوا جبکہ کئی گھنٹوں تک مینڈھر کی سڑکوں پر پانی بڑی مقدار میں جمع رہا ۔غور طلب ہے کہ شدید بارش کی وجہ سے محلہ نرسری ،محلہ ڈاک خانہ کیساساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں پانی کی ایک بڑی مقدار سڑکوں پر جمع ہوگئی جس کی وجہ سے دکانداروں کیساتھ ساتھ عام راہگیروں کا چلنا انتہائی مشکل ہو گیا ۔بارش کے بعد تحصیلدار مینڈھر نے نائب تحصیلدار و دیگر ملازمین کے ہمراہ قصبہ میں پیدا ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا ۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ محکمہ تعمیرات عامہ اور دیہی ترقی کے آفیسران کیساتھ اس سلسلہ میں اجلاس منعقد کر کے متبادل تلاش کرنے کی کو شش کی جائے گی ۔