سرینگر //وزیراعظم دیکھ بھال فنڈ سے موصول ہوئے 12 آکسیجن پیداواری پلانٹ وادی کے مختلف اسپتالوں میں نصب کئے گئے ہیں۔ اس بات کااظہار صوبائی کمشنرکشمیر پی کے پولے، کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ میں کیا گیا۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ یہ کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر کوقابو کرنے کےلئے کی جانے والی تیاریوں کاانتہائی اہم حصہ ہے۔ صوبائی کمشنرنے کہا کہ ان آکسیجن پلانٹوں کو رعناواری اسپتال سرینگر، ضلع اسپتال گاندربل، پلوامہ، شوپیان، کپوارہ۔بانڈیّ پورہ،اننت ناگ،گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ ،امراض سینہ کے اسپتال سرینگر اورڈی آر ڈی اواسپتال کھنموہ میں نصب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان آکسیجن پلانٹوں سے مزید 11ہزار 250 لیٹرفی منٹ آکسیجن وادی کے اسپتالوں کو دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی لہر کے ابتدائی دنوں میں کشمیر وادی کے اسپتالوں میں آکسیجن کی پیداوار 12 ہزار 466 لیٹر فی منٹ تھی اور اب یہ 60 ہزار391لیٹر فی منٹ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آکسیجن پلانٹوں کی تنصیب سے مختلف اسپتالوں میں آکسیجن کی سپلائی میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈویژنل کمشنر نے ہدایت دی ہے کہ کشمیر صوبے میں ٹیکہ کاری میں تیزی لائی جائے۔ میٹنگ میں انچارج ڈویژنل کویڈ کنٹرول روم کشمیر طاہر احمد ماگرے اور محکمہ صحت کے دیگر افسران موجود تھے۔