عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے اتوار کو گیارہویں جماعت کے سالانہ ریگولر امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا جس میں مجموعی طور پر پاس ہونے کا تناسب 72 فیصد رہا۔بورڈ عہدیداروں نے بتایا کہ مجموعی طور پر پاس ہونے والوں میں 75 فیصدلڑکیاں اور 69 فیصدلڑکے شامل ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ امتحان کے لئے کل 1,23,026 طلبا نے اندراج کیا تھا جن میں سے 88,396 طلبا نے امتحان پاس کیا۔امتحان نرم اور سخت زون والے علاقوں میں منعقد کیا گیا تھا ۔امتحان میں بورڈ کی جانب سے کل 1179 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔بورڈ چیئرمین پرکشت سنگھ منہاس نے تمام تدریسی اور غیر تدریسی برادری کو ان کے تعاون کے لیے مبارکباد دی اور کامیاب طلبہ کو ان کے اگلے تعلیمی سفر کے لیے نیک خواہشات دیں۔انہوں نے کہا، “یونیفارم اکیڈمک کیلنڈر کے تحت بورڈکی طرف سے منعقد کیے گئے سالانہ امتحانات 2024 نتیجہ کے اعلان کے ساتھ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے،” ۔منہاس نے کہا، “یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ متعلقہ سرکاری محکموں اور بورڈ کے تمام ونگز نے اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے قریبی تال میل میں کام کیا۔” ادھر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کامیاب امید واروں ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ایکس پر لکھا ’’ تمام کامیاب امید واروں ، والدین اور اساتذہ کو مبارک باد ، ان کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار ‘‘ ۔ انہوں نے بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی بھی تعریفیں بھی کی ۔