۔ 7 اہم سپورٹس پروجیکٹ تکمیل کے قریب

جموں//سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس و اطلاعات سرمد حفیظ نے ریاست میں وزیر اعظم ترقیاتی  پروگرام کے تحت ہاتھ میں لئے گئے بڑے سپورٹس پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ سیکرٹری موصوف نے چار چار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہے 22 انڈور سپورٹس سٹیڈیموں ، بخشی سٹیڈیم کو بڑھاوا دینے ، جموں میں ایم اے سٹیڈیم کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ ریاست کے کئی دیگر اہم پروجیکٹوں کا بھی جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ سٹیٹس سپورٹس کونسل کی طرف سے عملائے جا رہے سات سپورٹس پروجیکٹ مارچ 2019 تک مکمل کئے جائیں گے جبکہ تین دیگر پروجیکٹوں کا ٹینڈرنگ کام بھی مکمل کیا گیا ہے ۔ اس دوران بتایا گیا کہ ایم اے سٹیڈیم کا کام بھی مارچ 2019 تک مکمل کیا جائے گا ۔ سرینگر میں بخشی سٹیڈیم کو بڑھاوا دینے کے کام کا جائیزہ لیتے ہوئے سیکرٹری نے این پی سی سی کے افسروں پر زور دیا کہ وہ کام میں تیزی لا کر پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ سرمد حفیظ نے تمام سپورٹس پروجیکٹوں پر ہو رہی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں کے افسران تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بلندیوں تک پہنچانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کر رہے ہیں ۔ میٹنگ میں متعلقہ محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی ۔