عظمیٰ نیوزسروس
جموں// — جموں شہر میں مجرم گٹارو گینگ سے وابستہ ایک 37سالہ شخص کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم گینگسٹر سمیت پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس نے پیر کو بتایاکہ گٹارو گینگ کے سرغنہ سمیت جنڈیال کو اس سال 21جنوری کو جموں میں ایک حریف گروپ کے تین ارکان نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔حکام نے بتایا کہ گٹارو گینگ کے سرغنہ سمیت کے قتل کے سلسلے میں، پولیس نے قاتلوں کا سراغ لگانے کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سمت میں، مرکزی ملزم ہرش کے ساتھ دیگر ارون، اجے اور دو دیگر حامیوں ابیہے اور راج کو کرائم برانچ اور جموں و کشمیر پولیس نے دہلی میں ایک مشترکہ آپریشن میں گرفتار کیا۔حکام نے بتایا کہ تینوں قتل کرنے کے بعد ایک جگہ سے دوسری جگہ جا رہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ نیپال فرار ہونے کی کوشش میں تھے۔حکام نے بتایا کہ انہیں دہلی پولیس اور جموں و کشمیر پولیس کی کرائم برانچ کی مشترکہ کارروائی میں اتوار کو نئی دہلی میں آئی ایس بی ٹی کے قریب سے گرفتار کیا گیا اور انہیں جموں و کشمیر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ایک افسر نے کہا’’ہرش، ارون اور اجے اس قتل میں ملوث تھے۔ ہرش مرکزی ملزم ہے۔ ریمانڈ کے حصول کے بعد مزید تفتیش جاری ہے‘‘۔اس سے قبل 21 جنوری کو تین نوجوانوں نے ایک ایس یو وی کو روکا اور جیول چوک پر سمیت جنڈیال پر چار راؤنڈ فائر کیے تھے۔شدید زخمی جنڈیال کو علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال لے جایا گیا، جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے مزید کہا کہ حملہ آور بندوق کی نوک پر ایک دو پہیہ پر سوار ہوئے اور فرار ہوگئے۔