گول سب ڈویژن میں سوچھ بھارت مشن برائے نام

گول//آج کا دن جہاں پورے ملک میں مہاتما گاندگی کی یوم پیدائش کے موقعہ پر گاندھی جیتنی کے طو رپر منایا جا رہا ہے اور پورے ملک میں صفائی ابھیان چلایاگیا لیکن ضلع رام بن کے سب ڈویژن گول میں اس طرح کی کوئی سرکاری تقریب منعقد نہیں ہوئی ۔اگر کسی جگہ ہوتی بھی ہو گی لیکن یہ صرف رسمی تقریب جہاں پر صرف فوٹو سیشن کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا کیونکہ یہاں بازار و ملحقہ جات میں ڈالی گئی گندگی سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سوچھ بھارت ابھیان پروگرام صرف ایک دکھاوے کے سوا کچھ نہیں ہے ۔ گول بازار کی اگر بات کی جائے تو سب ڈویژن گول کے گول بازارا اور سنگلدان بازار میں گندگی کے ڈھیروں کی وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں ۔ جہاں گندگی سے نالیاں بھری ہوئی ہیں اور جگہ جگہ پر جمع گندگی سے بدبو کے مرغولوں کی وجہ سے وہاں سے گزرنا محال بنا ہوا ہے ۔ گول بازار میں بس اسٹینڈ سے ڈاک بنگلہ تک جہاں سڑک کی حالت خستہ ہے وہیں اتنی سڑک کی نالی بھی نہایت ہی خستہ ہے گندگی کے ڈھیر اس نالی میں جمع پڑی ہوئی ہے بارشوں کے دوران یہاں چلنا محال ہے ۔ وہیں بازار سے نکلنے والی گندگی گول کے مختلف جنگلات میں ڈھیر کی جاتی ہے ۔ سب ضلع ہسپتال گول کے نزدیک سڑک کے بر لب ٹرالیوں میں جمع کر کے گندگی کے ڈھیر کر دی وہیں دتر موڑ ، زلس ، و دوسری جگہوں پر ندی نالوں میں گندگی کے ڈھیر جمع ہونے کی وجہ سے جہاں ماحول کو بگڑنے کا بہت بڑا خطرہ لا حق ہے وہیں مال مویشیوں کو بھی اس سے کافی خطرہ ہے ۔ وہیں یہی مومی لفافے بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں بہہ کر بڑے دریائوں میں چلے جاتے ہیں جہاں پانی کے جانوروں کی زندگیوں کو بھی اس سے سخت اثر پڑے گا ۔ پورے ملک میں سوچھ بھارت ابھیان محکمہ دیہی چلاتا ہے لیکن آج تک گو ل سب ڈویژن میں محکمہ نے کوئی ایسی مشق نہیں کی جس وجہ سے صفائی ستھرائی بارے لوگوں کو آگاہ کیا جا سکے یا اس طرح کے پروگرام کئے گئے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے گول اے پنچایت کے سرپنچ گلزار احمد تراگوال نے کہا کہ ان تین سالوں میں محکمہ کی جانب سے ایک پیسہ صفائی ستھرائی کے لئے نہیں ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان تین سالوں میں اگر انہوں نے کئی پروگرام کئے بھی وہ رضا کارانہ طورپر لیکن پنچایتی سطح پر انہیں ابھی تک سرکار کی جانب سے کوئی فنڈس نہیں ملے جس وجہ سے وہ اپنی پنچایت میں پروگرام کر سکے یا کوئی صفائی ابھیان چلا سکے ۔