جموں // ملک کے دیگر حصوں طر ح صوبہ جموں کے مختلف مقامات پرسکھ مذہب کے دسویں گورو گو بند جی کا 352 واں یوم پیدائش یعنی گوروپورب مذہبی عقیدت و احترام اور جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا ۔صوبہ جموں میں ضلع گردوارہ پربندھک کمیٹیوں کی جانب سے صوبہ جموں کے سبھی گورودواروں میں’گورو پرب‘کے موقعہ پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ اس سلسلے میں سب بڑی تقریب جموں کے بی بی چاند کور گردوارہ میں منعقد ہوئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کرکے اپنی عقیدتوں کا اظہار کیا اور ملک میں امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعائیں کی ۔تقریب کے دوران راگی جتھوں نے بھجن کیرتن کر کے عقیدتمندوں کو محظوظ کیا ۔ اس موقعہ پر مقررین نے گورو گو بند سنگھ کی زندگی اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گورو گوبند سنگھ جی ایک عظیم سنت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہادر سپاسالار بھی تھے ، جنہوں نے ملک و قوم کے لئے بیش بہا قربانیاں دی، گورو گو بند سنگھ نے عدل و انصاف کی خاطر اپنے چار بیٹوں کی قربانیاں دی ہیں جن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔انہوںنے ملک میں آپسی بھائی چارے اور باہمی روا داری کے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لئے گورو گو بند سنگھ جی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی ۔ اس موقعہ پر خصوصی لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔اسی طرس سے جموں کے دیگر گردواروں میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں پر گورو گوبند سنگھ جی کی تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی ۔گردوراہ چاند نگر میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ ایم ایل سی اور ریاستی گرودراہ پربندک کمیٹی کے چیئر مین ٹی ایس وزیر نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ ریاست میں اقلیتی طبقہ کو درپیش مسائل اور ان کی مانگوں کو جلداز جلد پورا کیا جائے ۔اس تقریب میں پنجاب ،ہماچل پردیش ودیگر ریاستوں سے بھی عقیدت مندوں نے شرکت کی ۔