جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے نیشنل ہیلتھ مشن جموں و کشمیر کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران ڈوڈہ ، جموں ، اودھمپور ، بارہمولہ ، کپواڑہ اور پلوامہ اضلاع میں قایم کئے گئے 15 ہیلتھ اینڈ ویلنیس مراکز کا ای افتتاح کیا ۔ گورنر کے مشیر کے وجے کمار ، کے کے شرما کے علاوہ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم اتل ڈولو ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ گورنر نے کہا کہ جدید سہولیات سے لیس ان مراکز کی بدولت لوگوں کو ان کی دہلیز پر بہتر صحت خدمات دستیاب ہوں گی ۔ گورنر نے ریاست میں 24 ستمبر 2018 کو شروع کی گئی میزلز روبیلہ ٹیکہ کاری مہم کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے اضلاع ، بلاکوں اور ہیلتھ ورکروں کو ایوارڈ سے نوازہ ۔ انہوں نے اس کام کو محض 61 دنوں میں مکمل کرنے کیلئے صحت محکمہ کی تعریف کی ۔ گورنر نے حال ہی میں پبلک سروس کمیشن کی طرف سے تعینات کئے گئے ایک ہزار میڈیکل افسروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان ڈاکٹروں کی تعیناتی سے ریاست کے دور دراز علاقوں میں طبی عملے کی کمی دور ہو جائے گی ۔ انہوں نے طبی برادری پر زور دیا کہ وہ ریاست میں صحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے میں اپنا رول ادا کریں اور طبی شعبے کو معیار کی بلندیوں تک پہنچائیں ۔ گورنر نے مختلف شعبوں میں حاصل کی گئی حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر زور دیا کہ وہ ان ترقیاتی اقدامات کو بڑے پیمانے پر اجاگر کریں ۔ گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے ایم آر ویکسی نیشن مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کیلئے محکمہ صحت کی کوششوں کی ستائش کی ۔ گورنر کے ایک اور مشیر کے کے شرما نے صحت شعبے کے مختلف سیکٹروں میں بہترین کارکردگی حاصل کرنے کیلئے صحت محکمہ کے کام کاج کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر انتظامیہ ریاست کے صحت شعبے میں جدید طرز کا بنیادی ڈھانچہ قایم کرنے میں سنجیدہ ہے ۔ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے صحت ورکروں پر زور دیا کہ وہ طبی خدمات کے شعبوں میں جدید آلات اور طور طریقوں کو بروئے کار لائیں ۔ پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم اتل ڈولو نے اس موقعہ پر محکمہ صحت کے کام کاج کے بارے میں ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ بعد میں مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم جے اینڈ کے نے اس موقعہ پر شکریہ کی تحریک پیش کی ۔