جمو ں//صحت عامہ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے سیکریٹری فاروق احمد شاہ نے کہا ہے کہ گورنر انتظامیہ نے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کو ترجیحات میں شامل رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں شہر میں لوگوں کے لئے وافر مقدار میں پینے کا پانی دستیاب رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔ان باتوں کا اظہار سیکرٹری نے فلٹریشن پلانٹ اور وی ٹی پمپ سٹیشن بوریا کے معائنہ کے دوران کیا۔انہوں نے300 کیوسک توی لفٹ پمپ سٹیشن اور پُرانے پمپ سٹیشن بوریا کا بھی معائنہ کیا۔گاندھی نگر میں سیکرٹری نے پی ایچ ای ڈویثرن ساؤتھ کے افسروں کی ایک میٹنگ طلب کی اور متعلقہ عملے کے ساتھ بات چیت کی۔سیکرٹری کو بتایاگیا کہ موسم سرما کے دوران روزانہ40 لاکھ گیلن پانی کی ضرورت پڑتی ہے جس میں سے18 لاکھ گیلن پانی دستیاب ہے۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ اگلے ہفتے سے پانی کی قلت والے علاقوں کو اضافی4 لاکھ گیلن پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔فاروق شاہ کو بتایا گیا کہ بٹھنڈی، نو آباد، نروال، سنجواں، سینک کالونی اور جموں شہر کے دیگر علاقوں کو واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بوریا اور نروال2.50 لاکھ نفوس کو پینے کا پانی فراہم کرتے ہیں۔بعد میں فاروق شاہ نے نروال، ملک مارکیٹ، بٹھنڈی، نو آباد اور سنجواں کا دورہ کیا اور وہاں پینے کے پانی سے متعلق لوگوں کی شکایات سُنیں۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ گورن انتظامیہ معیاد بند طریقے پر اُن کے تمام جائیز مطالبات پورا کرے گی۔سیکرٹری نے کہا کہ کسی بھی علاقہ میں پانی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ٹینکر سروس دستیاب رکھی ہے اور متعلقہ لوگ ان خدمات سے مستفید ہونے کے لئے کنٹرول روم نمبر0191-2439890 پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔چیف انجنیئر پی ایچ ای جموں اشوک گنڈوترہ متعلقہ ایگزیکٹو انجنئیر ز اور دیگر افسران بھی دورے کے دوران سیکرٹری کے ہمراہ تھے۔