گوجر بستی پر پولیس کی یلغار قابل مذمت :اصلاحی کمیٹی

جموں //جموں بیلی چرانہ میں گوجر بستی پر جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی ،مونسپلٹی ،محکمہ مال اور فلڈکنٹرول کی مشترکہ ناجائز تجاوئز مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گوجر بکروال اصلاحی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری اختر حسین نے کہا ہے کہ پولیس ودیگر محکموں کی جانب سے انجام دی گئی کاروائی غیر قانونی ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی پی ڈی پی کے اقتدار میں آنے کے بعد 4برسوں میں 25مسلم گوجر بستوں کو مسمار کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سے قبل سدھڑہ ،ڈواڑہ ،بڑی براہمناں اور اب بیلی چرانہ میں گوجروں پر قہر برپاکیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ عدالیہ کو گمراہ کر کے مسلمانوں کیخلاف ایک بڑی سازش عمل میں لائی جارہی ہے جس کی وجہ سے غریب پسماندہ قبائلی صدیوں سے دربدر چلے آرہے ہیں ۔جموں میں آر ایس ایس کی پالیسیوں پر کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صر ف مسلمانوں کیخلاف ہی ایسی کاروائیاں کیوں انجام دی جارہی ہیں جبکہ ان کے علا وہ لاکھوں لوگوں کو غیر قانونی طریقہ کار سے بسایا گیا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ارایس ایس کے موہن بھاگوت ،پروین توگڑیا ودیگر فرقہ پرستوں کو محبوبہ مفتی کی حکومت کے دور میں جموں کے مسلمانون کی بستیوں میں دیکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر مسلمانوں کو مخصوص ٹارگٹ بنانے کے عمل پر کام کیا جاتا رہاتو اس سلسلہ میں ایک بڑا اندولن شروع کردیاجائے گا ۔