کوٹرنکہ//راج نگر بدھل سے دو کلو میٹر کی دوری پر کیول زریں تا سمارٹ ولیج ترگائیں کو جانے والی سڑک کی حالت گزشتہ ایک سال سے انتہائی خراب ہے اور سڑک کی کٹائی کے بعد سڑک کو ادھورا چھوڑ دیا گیا ۔اس سڑک کا تعمیری کام سال 2016۔ 2017 میں محکمہ تعمیرات عامہ نے شروع کیا تھا جو بد قسمتی سے پایہ تکمیل تک نہ پہنچا ۔زاہد ساگر اورمحمد اسلم نامی مقامی شہریوں نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی کٹائی کی وجہ سے برسات کے موسم میں کئی مکان زمین بوس ہوگئے اور عوام کو سڑک کی سہولت دینے کے بجائے لوگوں کو دو وقت کی روٹی سے محروم کیا گیا۔ زاہد ساگرنے بتایاکہ سڑک پر پسیاں آنے کاخطرہ لاحق ہے اور بڑے بڑے پہاڑ کھسک رہے ہیں جس سے ہر وقت یہ خدشہ رہتا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ رہایشی مکان بھی ختم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہایت ہی غریب لوگوں کے رہایشی مکانات خطرہ میںہیں اور محکمہ کی غفلت شعاری اور نا اہلی کی وجہ سے یہ لوگ گھر سے بے گھر ہوسکتے ہیں ۔انہوںنے الزام لگایا کہ سڑک صرف کاغذی ریکارڈ میں بن رہی ہے جبکہ زمینی سطح پر کوئی پیش رفت نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی نالیاں اور ڈھنگے نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی زمینیں ختم ہوگئی ہیں اور اس لاوارث سڑک کا کسی کو خیال نہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ پر کلورٹ یا ڈھنگا بنایاگیا ہے، اسمیں بھی غیر معیاری مٹریل استعمال کیا گیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر جلدسے جلد سڑک کا کام شروع نہیں کیا گیا تو کوٹرنکہ بدھل سڑک بند کر کے محکمہ کے خلاف صدا ئے احتجاج بلند کیا جائے گا۔