جموں//لارنس پبلک سکول جموں کی جانب سے کھیلوں کے سالانہ دن کے موقعہ پر ’کھیل اُتسو 2018-19کا اہتمام کیا گیا۔اس کھیل اُتسو میں ریاستی گورنر کے مشیر کے کے شرما بطور مہمان خصوصی شامل ہو ئے جبکہ ان کے علا وہ آئی جی پی آرمڈ دنیش رانا اور سابق ایم ایل اے دویندر سنگھ رانا بطور مہمانِ ذی وقار موجود تھے۔تقریب کے دوران سکولی بچوں کی جانب سے مختلف کھیلوں کے علا وہ تمدنی و ثقافتی پرو گرام کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔ان کھیلوں میں سکولی بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مہمان خصوصی کیول کمار شرما نے کہا کہ سکولوں کے منتظمین کو طلاب میں کھیل کود کا شوق بڑھانے کے علاوہ انہیں مروجہ تعلیم فراہم کرنے میں جدیدیت لانی ہو گی تا کہ اُن کی شخصیت میں نکھار لایا جا سکے ۔ مشیر موصوف نے کہا کہ اس دور میں نوجوانوں میں ہنر مندی پیدا کرنے کیلئے مختلف طریقے اپنانے ہوں گے اور بچوں کا مستقبل روشن کرتے ہوئے انہیں قوم کا معمار بنانا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم بچوں میں عالمی شہریت کا مجاز پیدا کرنے کیلئے فراہم کرنی ہو گی تا کہ ہم اپنے آپ کو اپنے ملک میں محدود نہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر شہریت حاصل کر سکیں ۔ اپنے خطاب میں مشیر موصوف نے معیاری تعلیم کیلئے’ یو این سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گول ‘کا خصوصی ذکر کیا اور نجی سکولوں کی طرف سے اس مقصد کو پورا کرنے ، اُن کی سماجی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی ۔ غیر تدریسی سرگرمیوں میں بچوں کا حصہ لینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ اس سلسلے میں والدین کا ایک اہم رول ہے جو بچوں کو غیر تدریسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے حوصلہ بڑھا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں تعلیمی منظر نامے کو ترقی دینے کی وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ریاست کا ہر ایک بچہ مروجہ تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر تدریسی تعلیم بھی حاصل کر سکے ۔ انہوں نے والدین پر زوردیا کہ وہ اپنے بچوں کو سرکار کی طرف سے چلائے جا رہے سکولوں میں داخلہ دلائیں ۔ اس موقعہ پر سکول کے طلاب نے تمدنی پروگرام کے علاوہ یوگا ، ٹیک ونڈو و دیگر پُر کشش پروگرام پیش کئے ۔ آئی جی پی دنیش رانا اور سابق ایم ایل اے دویندر سنگھ رانا نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔ اس موقعہ پر پدم شری ڈاکٹر ایس پی ورما ، سابق ناظمِ تعلیم جموں ایس رویندر سنگھ ، معروف صحافی سہیل قاضمی ، کارپوریٹر شمہ اختر ، آئی ڈی سونی ، رومیشور مینگی و دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔