عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں ایک مبینہ منشیات فروش کو منشیات اور نفسیاتی ادویات کی غیر قانونی تجارت کی روک تھام سے متعلق قانون کے تحت حراست میں لے کر جیل بھیج دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق یہ کارروائی کٹھوعہ پولیس کی جانب سے ’’نشہ مکت بھارت ابھیان‘‘ کے تحت چلائی جا رہی منشیات مخالف مہم کے سلسلے میں انجام دی گئی۔گرفتار شخص کی شناخت پردیپ سنگھ سمبریا کے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع کٹھوعہ کے رام کوٹ علاقے کا رہائشی ہے۔پولیس کے مطابق اس کے خلاف ڈویژنل کمشنر جموں کی جانب سے حراستی وارنٹ جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس اسٹیشن بلاور کی ایک ٹیم نے مجاز اتھارٹی کی منظوری حاصل کرنے کے بعد وارنٹ پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ پردیپ سنگھ سمبریا ایک عادی مجرم ہے اور اس کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں۔ حکام کے مطابق وہ مسلسل منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت جیسی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا تھا۔پولیس نے کہا کہ اس کی گرفتاری اور حراست دیگر منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کے لیے ایک سخت پیغام ثابت ہوگی۔تمام قانونی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد ملزم کو جموں کی سینٹرل جیل کوٹ بھلوال منتقل کر دیا گیا ہے۔