کٹھوعہ//ماحولیات اور جنگلات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا ہے کہ بنیادی سہولیات میں بہتری لانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ریاست کے تمام علاقوں بالخصوص دور افتادہ اور پہاڑی علاقوں میں بہتر سڑک رابطے ، بجلی ، پانی ، تعلیم کے علاوہ طبی سہولیات بہم رکھنے کی طرف خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ وزیر موصوف کٹھوعہ میں ایک عوامی دربار کے دوران لوگوں سے خطاب کر رہے تھے ۔ کٹھوعہ ، بسوہلی اور ہیرا نگر سے تعلق رکھنے والے کئی وفود نے اپنے اپنے مسائل وزیر موصوف کی نوٹس میں لائے اور کہا کہ اُن کے علاقوں میں راشن کی تقسیم کاری میں معقولیت لانے کے علاوہ وہاں بہتر آبپاشی سہولیات بہم رکھنے کیلئے ہینڈ پمپ نصب کئے جانے چاہئیں ۔چودھری لال سنگھ نے لوگوں کی طرف سے اجاگر کئے گئے مسائل کے تناظر میں کہا کہ حکومت لوگوں کے مسائل ایک معیاد بند مدت کے اندر حل کرنے کیلئے لازمی اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ سرکار کی طرف سے شروع کی گئی سکیموں کے بارے میں عام لوگوں میں بیداری پیدا کریں تا کہ لوگ مستفید ہو سکیں ۔ اس سے پہلے وزیر نے ہتلی سے بڈولی تک اور تڑوان سے چوئی روڈ تک ہو رہے کام کا معائینہ کیا اور افسروں سے کہا کہ وہ ان کاموں میں سرعت لائیں ۔ مختلف محکموں کے سربراہان بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔