کولگام //جموں وکشمیر کے ڈائرکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ کوویڈ کی وبائی بیماری نے یو ٹی میں جنگجو مخالف کارروائیوں کو کچھ حد تک متاثر کیا ہے کیونکہ متعدد پولیس اہلکاروں اور سکیورٹی فورسز میں بھی وائرس کے مثبت کیسز سامنے آئے جبکہ پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری لاک ڈاؤن نافذ کرنے کیلئے سڑکوں پر تعینات ہے۔تاہم پولیس سربراہ نے کہا کہ انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیوں کا سلسلہ بند نہیں ہے اور یہ ایسا نہیں تھا کہ پولیس نے عسکریت پسندوں کو گھومنے پھرنے کے لئے آزادانہ ہاتھ دیا ہو کیونکہ آپریشن "مخصوص اطلاعات ‘‘ کی بنیاد پر جاری ہے۔ کولگام میں سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے جنوبی کشمیر کے علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ، ڈی جی پی نے کہا کہ اس جائزہ کے دوران ، جنوبی کشمیر میں انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیوں کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔اس سوال کے جواب میں کہ کیا مقامی عسکریت پسندوں کی بھرتی میں کمی آئی ہے ، ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس کبھی نہیں چاہتی کہ لڑکے عسکریت پسندی میں شامل ہوں، پولیس گمراہ نوجوانوں کو روکنے کے لئے سخت کوشش کر رہی ہے۔ کولگام میں ، نوجوانوں کے ایک گروپ کو ، جو عسکریت پسندی میں شامل ہونے والے تھے ، کو واپس لایا گیا۔انہوں نے مزید کہا ،" اسی طرح ، جنوبی کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی ، اس طرح کے بہت سے گروہوں کو غلط راہ پر گامزن ہونے سے روکا گیا ۔ تاہم ، ڈی جی پی نے کہا کہ جیش محمد ، لشکر طیبہ اور البدر جیسی عسکریت پسند تنظیمیں کنٹرول لائن کے آر پار سے آکسیجن حاصل کررہی ہیں تاکہ نئے لڑکوں کو عسکریت پسندی کے گروہوں میں راغب کریں۔ انہوں نے کہا ، "بدقسمتی سے ، ابھی بھی بھرتی ہو رہی ہے ، لیکن گراف گزشتہ سالوں کے مقابلہ میں بہت کم ہے۔" "پولیس اس محاذ پر مکمل طور پر بہت کچھ کر رہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس کو مکمل طور پر روکنے کے لئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ڈی جی پی نے کہا کہ اس وقت کشمیر کے جنوبی اضلاع میں تقریباً 100 عسکریت پسند سرگرم ہیں۔