تھنہ منڈی //کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کے سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے تھنہ منڈی سب ڈویژن میں جموں وکشمیر بینک شاخ کو سر بمہر کر دیا گیا ہے ۔ تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ نے اپنے عملے کے ساتھ جموں و کشمیربینک شاخ تھنہ منڈی کا دورہ کیا جہاں انھوں نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جموں و کشمیر بنک کو سیل کر دیا۔ ساحل علی شاہ نے کہا کہ اس سے پہلے بھی دو تین مرتبہ جموں کشمیر بینک کا معائنہ کیا گیا جہاں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے متعدد افراد کو اس سلسلے میں متنبہ کیا گیا تھا تاہم اس سلسلے میں کوئی مثبت ردعمل ظاہر نہ ہونے کی وجہ جموں و کشمیر بینک براچ آفس تھنہ منڈی کو سیل کر دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ بینک کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت سب کو ہے لیکن قوانین کی خلاف ورزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنی زندگی کی حفاظت کریں کیونکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز ایکشن لیا جائے گا۔