شوپیان//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے بدھ کو ضلع شوپیان کا دورہ کیا اور ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں کووِڈ ۔19 وَبائی مرض کی زنجیر کو توڑنے کے اِقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی چیئرپرسن بلقیس جان ، ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا ، سینئر سپر اِنٹنڈنٹ پولیس اَمرتپال ، ڈی ڈی سی وائس چیئرمین عرفان منہاس ، ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران ، ٹریڈرس فیڈ ریشن ،گروئورس ایسو سی ایشن ، ٹرانسپورٹرس ، شراکت داروں اور دیگر اَفسران موجود تھے۔میٹنگ میںمختلف اَمور پر جامع اور سیر حاصل بحث ہوئی جس میں فروٹ گروئورس ایسو سی ایشن ، ٹرانسپورٹروں ، تاجروں پر مشتمل شراکت داروںجنہوںنے کووِڈ۔19 پر اَپنی تجاویز پیش کیں اور تصفیہ کے لئے اَپنے معاملات کے ضمن میں دیگر مطالبات بھی مشیر موصوف کے گوش گزار کئے۔مشیر بصیر خان نے کہا کہ وائرس سے نجات حاصل کرنے کے لئے وقت کا تقاضا ہے کہ کووِڈ وَبائی مرض کی چین کو توڑنے کے لئے لوگوں کا تعاون برقرارر ہے۔اُنہوں نے ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی ، سرپنچوں اور پنچوں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگانے کے لئے متحر ک ہو کر اہم رول اَدا کریں۔ اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے موجود تاجروں ، ٹرانسپورٹروں ، فروٹ گروئورس اور دیگر اَفرادسے کہا کہ وہ ضروری ہدایات پر عمل کریں۔اُنہوں نے کہا کہ وہ وقتاً فوقتاً جاری کردہ اِقدامات ، ایس او پیز کی سختی سے پابندی وائرس کو شکست دینے کی کلید کو برقرار رکھیں۔اُنہوں نے ضلع میں 45 برس سے زیادہ عمر کے اَفراد کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگانے کا صد فیصد ہدف حاصل کرنے پرضلع اِنتظامیہ کو سراہا اور کہا کہ شوپیان کے عوام نے وَبائی اَمراض پر قابو پانے کے لئے ہمیشہ اِنتظامیہ کا تعاون کیا ہے۔مشیر بصیر خان نے کہا کہ اِنتظامیہ کے پاس آکسیجن سپلائی اور دیگر ضروری ادویات کا کافی ذخیرہ ہے اور انہوں نے کہاکہ عوام کو اَفواہوں پر کوئی دھیان دینے کی ضرورت نہیں ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ آکسیجن ، میڈیکل یا کسی اور وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے ۔وزیر اعظم اور لیفٹیننٹ گورنر کی ذاتی اور فعال مداخلت سے یوٹی کو فرینکفرٹ جرمنی سے 9 اعلیٰ معیار کے آکسیجن پلانٹس ملے ہیں اور اس کے علاوہ کچھ دِن پہلے ہی 9 مزید پلانٹس موصول ہوئے ہیں۔اُنہوں نے اَفسران اور دیگرشراکت داروں سے کہا کہ وہ جاری کووِڈ۔ 19 ٹیکہ کاری مہم کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں تاکہ عوام وقت پر ویکسین کر سکیں۔اُنہوں نے مزید کہاکہ منریگا ، باغبانی اور زراعت وغیرہ سے متعلق معاشرتی سرگرمیاں آسانی سے جاری رہیں گی بشرطیکہ کووِڈ رہنما اَصولوں اور مناسب طرز عمل پر سختی سے عمل کیا جائے۔مشیر موصوف نے ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی اور دیگر نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور کووِڈ ۔19 وَبائی اَمراض کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے میں اَپنا اہم رول اد ا کرنے کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے اُن سے اپیل کی کہ وہ لوگوں کو ماسک پہننے ، سماجی دوری برقرار رکھنے اور حفظان صحت کا خیال رکھنے کی اہمیت سے آگاہ کریں۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان نے ضلع میں کووِڈ ۔19 تخفیفی اِقدامات ، کووِڈ کیئر سینٹروں کی گنجائش اور موجودہ صورتحال کے بارے میں مشیر موصوف کو جانکار ی دی۔بعد میں مشیر بصیر خان نے کووِڈ کیئر سینٹر ٹُکرو کا دورہ کیا اور کووِڈ مریضوں کے لئے دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیااور اس کے علاوہ محکمہ دیہی ترقی کے کئی جاری کاموں کا معائینہ بھی کیا۔