سرنکوٹ// نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق احمد بخاری نے کشمیر کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس کیلئے پی ڈی پی قیادت ذمہ دار ہے جس نے بھاجپا کے ساتھ مل کر ایک علاقائی جماعت نیشنل کانفرنس کے خلاف سازشیں رچ کر ریاست کو جہنم زار بنادیاہے ۔انہوںنے پی ڈی پی لیڈرسرتاج مدنی کے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ریاست میں حالات نیشنل کانفرنس نے نہیں بلکہ پی ڈی پی نے خراب کئے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ سرتاج مدنی نے نیشنل کانفرنس پر حالات خراب کرنے کا الزام عائد کیاہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جموں کشمیر کے حالات کو نیشنل کانفرنس نے نہیں بلکہ پی ڈی پی نے خراب کیاہے اور موجودہ حالات کی ذمہ داربھی پی ڈی پی ہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی نے جموں کشمیر کے عوام کے اتحاد کو فرقہ واریت اور نسلی رنگ دے کر تقسیم کی سیاست شروع کررکھی ہے ۔ بخاری نے کہا کہ جموں کشمیر کی واحد جماعت نیشنل کانفرنس ہے جو ریاست کا تخفظ چاہتی ہے تاہم پی ڈی پی نے ایل کے ایڈوانی اوراٹل بہاری واچپائی کا سہارا لے کر نیشنل کانفرنس کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش کی ۔انہوںنے کہاکہ ریاست کے خصوصی تشخص کو کمزور بنانے کی کوششیں ہورہی ہیں اوراس سلسلے میں پی ڈی پی بھاجپا کیلئے سہولت کار کا رول ادا کررہی ہے ۔ بخاری نے کہا کہ ان کے ہاتھ میں تو سرکار نہیں اور پھر بھی یہ کہاجارہاہے کہ این سی ہی حالات کی ذمہ دارہے ۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی کی پالیسیوں سے لوگ متنفر ہوچکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس وقت ریاست جل رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی اپنی ناکام پالیسیوں کو چھپانے کیلئے الزام نیشنل کانفرنس پر لگا رہی ہے ۔بخاری نے کہا کہ پی ڈی پی نے کرسی کی خاطر لوگوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا اوراسی وجہ سے حالات خراب ہوئے ۔