راجوری//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و ممبراسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے کہاکہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کو بات چیت کے ذریعہ حل کیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ ان دنوں سرحدوں پر کشیدگی کی وجہ سے لوگوں کا امن و سکون لٹ گیاہے اور ان کاکوئی پرسان حال نہیں ۔ڈاک بنگلہ راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سرکارعوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور وادی میں حالات بد سے بدترہورہے ہیں۔ان کاکہناہے کہ ریاست ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے اور حکومت ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ سرکار کو چاہئے کہ وہ کشمیر مسئلہ کو سیاسی بنیادوں پر حل کرے تاکہ نہ صرف سرحدوں پر امن ہو بلکہ اندرون ریاست بھی لوگ امن سے زندگی گزارسکیں۔رانانے کہا کہ سرکار کشمیر مسئلہ کو غیرسنجیدگی سے لے رہی ہے جو یہاں کی معیشت کیلئے تباہ کن بات ہے ، کشمیر مسئلہ کا دائمی حل تلاش کرنا ہوگا تاکہ حالات بہتر ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی روز سے مینڈھر،نوشہر اور دیگر علاقوں میں فائرنگ اور گولہ باری ہورہی ہے جس کی وجہ سے تین قیمتی جانیں تلف ہوئی ہیں جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ نقل مکانی کرنے والوں کیلئے بھی حکومت کی طرف سے کوئی خاص انتظام نہیں ۔رانا نے کہاکہ اس وقت سرحدی مکین بے سہارابن کر رہ گئے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ان کاکہناہے کہ سچ کہیں تو حکومت کہیں نظر ہی نہیں آرہی ۔انہوںنے انتظامیہ سے اپیل کی کہ سرحدی متاثرین کو امداد فراہم کی جائے۔