جموں //پردیش کا نگریس کمیٹی نے پارٹی کا 134واں یوم تاسیس منایا ۔اس سلسلہ میںپردیش کا نگریس کمیٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر کی قیادت میں پارٹی ہیڈ کوارٹر شہیدی چوک میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پارٹی سنیئر لیڈران و کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے غلا م احمد میر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے قیام سے لے کر اب تک ملکی تعمیر و ترقی کیلئے قربانیاں دی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس کے دور حکومت میں ملک نے ہر ایک شعبہ میں پوری دنیامیں اپنا منفرد مقام حاصل کیا ہے ۔موصوف نے کہاکہ گزشتہ 133برسوں کے دوران پارٹی لیڈران نے ملکی تحریک آزادی کی لڑائی کے دوران بھی تنظیم کو مستحکم رکھنے میں ایک اہم رول ادا کیا ۔میر نے کہاکہ پارٹی ملک عوامی کی یکساں ترقی کے علا وہ سیکولر نظریہ سے ملک کو یکجا رکھنے میں کامیاب ہو ئی ہے ۔انہوں نے بھاجپا کی مرکزی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہاکہ پارٹی 2019کے پارلیمانی انتخابات میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر راہل گاندھی کی قیادت میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند نے ملکی تحریک آزادی میں پارٹی لیڈران کی جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ کانگریس واحد ایک ایسی جماعت ہے جس نے ملک کی تعمیر و ترقی کے علا وہ تحریک آزادی میں بھی ایک منفرد رول ادا کیا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ تحریک آزادی کے دوران کانگریس پارٹی سیکولر ایجنڈے کی وجہ سے ملکی عوام کو یکجا رکھنے میں کامیاب ہو ئی ۔اپنے خطاب میں تاج محی الداین نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے جہاں آزادی کی تحریک میں نمایاں رول ادا کیاہے وہیں اب فرقہ پرست طاقتوں کیخلاف بھی لڑائی میں مصروف ہے ۔انہوں نے موقعہ پرستوں طاقتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کئی جماعتیں ملکی عوام میں تقریق ڈال کر سیاسی مفاد حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن کانگریس پارٹی ان کی چالوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔اس موقعہ پر سابقہ ریاستی وزیر و پارٹی سنیئر لیڈر مولہ رام ،سابقہ ریاستی نائب وزیر اعلیٰ تارا چند ،تاج محی الدین ،رمن بھلہ ،رویندر شرما ،راجنیش شرما ،منموہن سنگھ ودیگران لیڈران و کارکن بھی موجود تھے ۔