کوٹرنکہ //گور نمنٹ ڈگری کالج کوٹرنکہ کی عمارت تین برسوں کے بعد بھی مکمل نہیں ہو سکی ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ و تعمیر اتی ایجنسی کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد 2019میں رکھا گیا تھا لیکن حکام کی نااہلی کی وجہ سے ابھی تک عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جان بوجھ کر کالج کی تعمیر کو سیاسی رنگت دی جارہی ہے جبکہ بچوں کے مستقبل کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کچھ عناصر کالج کو دوسری جگہ منتقل کرنے یا کلب کرنے کی کوششیں کررہے ہیں جن کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔محمد کبیر راتھر ،سرپنچ اختر بیگم ،محمد جمیل ،محمد اسلم ،محمد یونس ودیگران نے انتظامیہ کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر ایک ہفتے کے اندر کالج کی تعمیر شروع نہیں کی گئی تو اس سلسلہ میں ایک بڑا احتجاج شروع کر دیا جائے گا ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے کالج میں زیر تعلیم چار سو کے قریب بچوں کو ہائر سکینڈری سکول کے دو کمروں میں بھیڑ بکریوں کی طرح رکھا جارہا ہے تاہم ہائر سکینڈری سکول میں 12ویں تک تمام جماعتوں کے بچے بھی زیر تعلیم ہیں ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس معاملہ میں ذاتی مداخلت کر کے کالج کی تعمیر جلدازجلد شروع کروائی جائے ۔