عظمیٰ نیوز سروس
جموں// ضلع کانگریس کمیٹی جموں نے ڈوڈہ ضلع میں ملی ٹینسی حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے کہاکہ ڈوڈہ میں جاری آپریشن کیساتھ ساتھ حالیہ ماضی میں جموں خطہ میں ہونے والے دوسرے حملوں کے سلسلے میں جوانوں کی متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔مظاہرین نے مہلوکین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی اور فوج اور سیکورٹی فورسز کے حق میں نعرے بلند کئے ۔کانگریس کارکنان ورکنگ صدر رمن بھلہ کی قیادت میں ضلع صدر منموہن سنگھ اور دیگر سینئر لیڈروں نے دہشت گردی کی سخت مذمت کی اور ملی ٹینسی پر قابو پانے کیلئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے بی جے پی حکومت کی ناکامی پر بھی سوال اٹھائے اورجموں خطے میں بڑھتی ہوئی ملی ٹینسی سے نمٹنے اور بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے حالیہ مہینوں میں ملی ٹینسی کی سرگرمیوں میں اضافے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر لوگوں کے غصے پر سخت ناراضگی درج کی اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔کانگریس لیڈران اور کارکنوں نے مہلوک فوجی اہلکاروں و آفیسران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔اس دوران ایک اجلاس کا اہتمام بھی کیا گیا جس کے دوران پارٹی سنیئر لیڈر رمن بھلہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملی ٹینسی کے خاتمے کیلئے مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے لیکن بڑھتے ہوئے ملی ٹینٹ حملوں پر شدید غصے کا اظہار کیا جو کہ قابل برداشت نہیں۔ انہوں نے مودی حکومت سے پاکستان اور ملی ٹینسی پر قابو پانے کے لئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس دوران شیو سینا ڈوگرہ فرنٹ نے بھی اس حملہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے پاکستان کا پتلا جلایا۔
جتندر سنگھ کااظہار افسوس | مزموم عزائم کو شکست دینے پر زور
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ تصادم کے دوران ایک افسر سمیت چار فوجیوں کی موت کے بعد گہری تشویش کا اظہار کیا۔ سماجی رابطہ گاہ ایکس پرایک پوسٹ میں مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے لکھاہے کہ میرے لوک سبھا حلقہ میں ڈوڈہ ضلع کے دیسہ علاقے میں مسلح تصادم کی خبروں سے بہت پریشان ہوں۔انہوںنے کہاکہ ہمارے بہادروں کی شہادت پر تعزیت اور مذمت کے لیے الفاظ کم ہیں۔مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے مزید کہاکہ آئیے ہم سب مل کر دشمن کے مذموم عزائم کو شکست دیں اور اس امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھیں جس کے لیے ڈوڈہ ہمیشہ سے جانا جاتا ہے۔
جموں خطہ ملک دشمن طاقتوں کیخلاف متحد :رانا
عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بھاجپا سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ جموں ہمیشہ ملک دشمن طاقتوں کے خلاف متحد ہو کر کھڑا رہا ہے جبکہ آج بھی خطہ کی عوام قومی سالمیت اور خودمختاری کیلئے ملکی افواج کیساتھ کھڑے ہیں ۔موصوف نے کہاکہ ’’جموں قومی اتحاد اور سلامتی کے لئے پرعزم ہے‘‘۔رانا نے نگروٹہ، پنج گریاں کے راستے بس اسٹینڈ سے بن ٹول پلازہ تک ای-بس کو جھنڈی دکھائے جانے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کے دوران کہا کہ جموں ملک دشمن طاقتوں کو الگ تھلگ کرنے، خودمختاری کو برقرار رکھنے اور قومی سالمیت کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں سب سے آگے رہا ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے پاکستان کی مذموم سازشوں اور اس کے سرپرستی یافتہ ماحولیاتی نظام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملی ٹینسی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی فورسز اور پولیس کی شمولیت اور حکمت عملی پر مبنی کارروائیوں کو برقرار رکھنے کے لوگوں کے پختہ عزم کے سامنے کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ جموں کے لوگوں کی ترجیح ملی ٹینسی کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے ذریعے بیرونی مداخلت کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنا ہے۔رانا نے دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کارروائی پر زور دیا اورملی ٹینسی سے مؤثر طریقے سے نمٹنے اور سلامتی اور امن کو یقینی بنانے کے لئے معاشرے کے تمام طبقات اور حکومت کے درمیان تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔سینئر بی جے پی لیڈر نے ڈوڈہ ملی ٹینسی کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قصورواروں کو سزادی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جموں کے لوگ ان بہادروں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں عظیم قربانی پیش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی کیونکہ قوم ملی ٹینسی کی لعنت کو ختم کرنے کے اپنے عزم کو مزید مضبوط کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملی ٹینسی کی مہذب دنیا میں کوئی جگہ نہیں ہے اور جو لوگ ایسی وحشیانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں وہ انسانیت کے دشمن ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملی ٹینٹ اس طرح کی گھناؤنی کارروائیوں سے ہم وطنوں کے عزم اور ارادے کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔
حکومت ملی ٹینسیپر قابو پانے میں ناکام
جموں خطے میں بڑھتے ہوئے واقعات تشویش ناک: منجیت سنگھ
عظمیٰ نیوز سروس
سانبہ //اپنی پارٹی کے صوبائی صدر، جموں، اور سابق وزیر، ایس منجیت سنگھ نے مرکزی حکومت پر ملی ٹینسی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ کچھ عرصہ سے جموں خطہ میں ملی ٹینسی کے واقعات میں مسلسل اضافی ہوا ہے جو کہ انتہائی تشویش ناک ہے ۔انہوں نے کہاکہ ’’مرکزی حکومت جموں خطے میں ملی ٹینسی پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے جس سے مختلف اضلاع میں واقعات میں اضافہ ہواہے، اور اس نے کئی جانیں ضائع کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ روز بروز سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور پہاڑی علاقوں میں شہری بھی خوف کے عالم میں اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔سانبہ ضلع کے وجے پور بلاک کے گاؤں اموال میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے موصوف نے کہا کہ پیر پنجال، وادی چناب سے لے کر جموں خطہ کے میدانی علاقوں تک مختلف علاقوں میں بالترتیب مشکوک افراد کی مسلسل نقل و حرکت اور دہشت گردانہ حملوں کی وجہ سے لوگ مسلسل خوف میں زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ’’سیکورٹی صورتحال نے مرکزی حکومت کے ان دعووں کے برعکس مکمل یو ٹرن لیا ہے کہ اس نے ملی ٹینسیپر قابو پالیا ہے تاہم، زمین پر چیزیں بالکل مختلف ہیں، اور یہ خاص طور پر سرحدی علاقوں میں اتار چڑھاؤ کے طور پر ابھری ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے ان انتخابات کا گزشتہ کئی سالوں سے شدت سے انتظار کیا تھا، لیکن مرکزی حکومت سے یہ توقع نہیں تھی کہ وہ جمہوریت کو کمزور کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی پارٹی نے اپنا موقف واضح کیا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیکورٹی اپریٹس کو بہتر بنایا جائے، اور ویلج ڈیفنس گروپس کو مضبوط کیا جائے۔