جموں //این ایچ پی سی کے زیر قبضہ ڈول ہستی بجلی پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران طے پائے معاہدہ کے کاغذات گم کرنے والے سرکاری اہلکاروں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ممبر اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی نے ریاستی سرکار سے جواب طلب کیا ہے کہ وہ بجلی پروجیکٹوں کی واپسی کیلئے گئے گئے اقدامات کے متعلق ایوان کو آگاہ کریں ۔تاریگامی نے ریاستی وزیر بجلی کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی سرکار این ایچ پی سی بجلی پروجیکٹ واپس کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے جبکہ سرکار نے اپنے ایجنڈا آف الائنس میں بھی اس کا ذکر کیا ہے، سرکار کیا اقدامات کر رہی ہے ۔ تاریگامی نیمطالبہ کیا کہ اُن سرکاری اہلکاروں کو فوری طور گرفتار کیا جانا چاہئے جنہوں نے ڈول ہستی پاور پروجیکٹ کی تعمیر سے متعلق این ایچ پی سی کے ساتھ دستخط کردہ معاہدہ کے اہم دستاویزات گم کر دیئے ہیں ۔انہوں نے سندھ طاس معاہدہ کے تحت ریاست کو ہو رہے نقصان کے بارے میں تخمینہ لگانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔