راجوری//عوام کو بروقت خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے ضلع انتظامیہ کی طرف سے چنگس اور کھنیالکوٹ میں شکایتی ازالہ کیمپ منعقد کئے گئے ۔چنگس میں منعقد ہونے والے کیمپ کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر ریونیو پرمجیت سنگھ نے کی جبکہ کھنیالکوٹ والا کیمپ ایس ڈی ایم تھنہ منڈی محمد افضل مرزا کی قیادت میں ہوا۔ان دونوں کیمپوں کے دوران 2176خدمات کی فراہمی کا دعویٰ کیاگیاہے ۔ان کیمپوں میں بلاک اور تحصیل کے افسران نے بھی شرکت کی جبکہ بڑی تعداد میں عام لوگ بھی کیمپوں میں شریک رہے جن کے مسائل موقعہ پر ہی حل کئے گئے ۔ اس کے علاوہ لوگوں کو سرکاری سکیموں کے بارے میں جانکاری بھی دی گئی اور ان پر زور دیاگیاکہ وہ ان سکیموںسے فائدہ اٹھائیں ۔اس دوران اٹھارہ سے اکیس سال تک کی عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کے نام ووٹر فہرستوں میں درج کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیاگیاتاکہ انہیں حق رائے دہی مل سکے ۔دونوں کیمپوں میں 95مستقل باشندہ اسناد ، 328آر بی اے اسناد ،45شیڈیول ٹرائب سرٹیفکیٹ ،29او بی سی سرٹیفکیٹ ،64جمع بندی ،55گرداوری ، 53میوٹیشن ،51انکم سرٹیفکیٹ ،10کریکٹر سرٹیفکیٹ ،07میریج سرٹیفکیٹ ،372اولڈ ایج سرٹیفکیٹ اور دیگر خدمات فراہم کی گئیں۔واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے کیمپ منعقد کرنے کا سلسلہ یکم جون سے شروع کیاتھا جس دوران ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو اسنادفراہم کی گئی ہیں جبکہ ان کے مسائل بھی موقعہ پر حل ہورہے ہیں ۔