پونچھ میں شدید گرمی، بجلی و پانی کی عدم دستیابی سے عوام بے حال

پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ میں بڑھتی گرمی کے ساتھ بجلی کی بندش میں اضافے نے عوام الناس کا براحال کردیا ہے۔ پونچھ کے صدر مقام سمیت ضلع تمام تحصیلوں اور دیہی علاقوں میں غیراعلانیہ بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹوں سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔اس دوران محکمہ بجلی کی اعلیٰ افسران نے بجلی کی بندش کی وجہ جموں نے بجلی کی مرمتی کے کام بتایا ہے۔بجلی کی آنکھ مچولی کی وجہ سے سخت اذیت سے دوچار عوام محکمہ سے برہمی کا اظہار کر رہے ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی شدید گرمی نے ایک طرف براحال کر دیا ہے دوسری جانب سے بجلی محکمہ کی جانب سے غیراعلانیہ بندش میں خوفناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔ پونچھ شہر میں کچھ محلہ جات میںگزشتہ تین دن سے پانی کی بندش بھی جارہی ہے جس کی وجہ سے یہ لوگ کئی طرح کی مشکلات سے دوچار ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے۔اس حوالے سے جب ایکس ای این محکمہ بجلی ارشاد حسین سے بات کی گئی تو انھوں نے بتایا کہ جموں میں بجلی کے مختلف ڈھانچوں کی مرمت کا کام چل رہا ہے جس کی وجہ سے مختلف مقامات پر تکنیکی خرابیاں آرہی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ان تکنیکی خرابیوں کو دور کرنے کے لئے کام کیارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ پونچھ میں لوگوں کو بجلی کی معقول فراہمی کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے لیکن بجلی جب بھی بحال کی جاتی ہے تو لوگ فرج، ایئرکنڈیشنر، استری، مائیکروویو اون، پانی کی موٹر اوردیگر الیکٹرانکس اشیا کو استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے بجلی کا لوڈ بڑھ جاتا ہے تو کٹ ہوجاتے ہیں۔انھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بجلی پر کم سے کم لوڈ ڈالیں تاکہ بجلی کٹ نہ ہوں ہے۔انہوں نے عوام سے کم سے کم بجلی استعمال کر کے محکمہ کا تعاون کرنے کی اپیل کی تاکہ بجلی کی بندش کا خاتمہ ہو سکے۔