راجوری// پریس کونسل آف انڈیا کی سب کمیٹی کل ایس این سنہا کی سربراہی میں راجوری پہنچی اور اس سرحدی ضلع میں ذرایع ابلاغ کو درپیش معاملات اور مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس سب کمیٹی میں ڈاکٹر سمن گپتا اور مسٹر دوبے بھی شامل ہیں۔کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ ناظم اطلاعات منیر الاسلام اور محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی تھے۔ایک دن کے استفصار کے دوران پی سی آئی سب کمیٹی ارکان کے ساتھ راجوری کے صحافیوں کے4 وفود اور پونچھ کے صحافیوں کے 3 وفود ملاقی ہوئے۔اس موقعہ پر کمیٹی نے میڈیا مالکان، ایڈیٹروں اور صحافیوں سے ان دونوں اضلاع میں میڈیا برادری کو درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس دوران میڈیا سے جڑے افراد نے کئی معاملات سب کمیٹی کے سامنے رکھے جن میں بُلٹ پروف جیکٹ،بُلٹ پروف ہیلمٹس، میڈیا افراد کے لئے انشورنس جیسے مطالبات شامل تھے۔وفود نے ایکری ڈیشن پالیسی سے جڑے امور کو بھی زیر بحث لایا خاص طور سے انہوں نے ضلع ایکری ڈیشن پالیسی وجود میں لانے کی وکالت کی۔اس دوران مقامی اخبارات کو دونوں اضلاع میں اشتہارات کی واگذاری کے لئے ایمپنل کرنے اور سیکورٹی پاس جاری کرنے کے معاملات بھی اُبھارے گئے۔