جموں//پاکستان کی جانب سے جاری مسلسل گولہ باری اوراس سے نمٹنے میں مودی حکومت کی ناکامی کے خلاف کانگریس نے ایس ڈی ایم دفتروجے پورکے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس دوران مظاہرین کی قیادت سابق وزیرایس منجیت سنگھ کررہے تھے جبکہ ریلی سے پی سی سی چیف جی اے میر ،نائب صدررمن بھلہ ،ترجمان اعلیٰ رویندرشرما، سابق وزراء گوربچن رانا ،رمن مٹو، سورن لتا، سابق ایم ایل اے وجنرل سیکریٹری پی سی سی شاہ نواز چودھری ودیگران نے خطاب کیا۔مظاہرین نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کے لیے پاکستان کے خلاف نعرے بلندکئے اورکہاکہ یہ سب مودی سرکار کی کمزورپالیسی کانتیجہ ہے اورپاکستان کے ساتھ نمٹنے کیلئے بی جے پی حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی جانب سے جاری بے تحاشہ گولی باری کی وجہ سے سرحدی علاقوں کے لوگوں کوزبردست جانی ومالی نقصان اٹھاناپڑرہاہے اوروہ بے گھرہوکردردرکی ٹھوکریں کھارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت سرحدی لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں کررہی ہے۔پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میرنے کہاکہ پاکستان کے ساتھ نمٹنے میں مودی سرکارمکمل طورناکام ہوچکی ہے اورپاکستانی گولہ باری سے سرحدی علاقوں کے لوگ تباہ وبربادہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کے اقتدارکے چارسال گذرچکے ہیں مگرعوام کے ساتھ کیاگیاایک بھی وعدہ ابھی تک پورانہیں کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سرحدوں پرپاکستانی فائرنگ سے ہمارے جوان شہیدہورہے ہیں ۔سرحدی علاقوں کے لوگ پاکستانی فائرنگ سے بری طرح سے متاثرہیں ۔ان کے گھرتباہ ہوگئے ہیں ،مال مویشی مرگئے ہیں ،اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کوچھورہی ہیں ،غریب اوردرمیانہ طبقہ کے لوگوں کاجینادوبھرہوگیاہے ۔جی اے میرنے جموں کشمیرکاذکرکرتے ہوئے جب سے پی ڈی پی ۔بی جے پی سرکارنے ریاست کااقتدارسنبھالاہے کشمیرمیں امن وقانون کی صورت بدسے بدترہوگئی ہے اوران دونوں پارٹیوں نے انتخابات کے دوران عوام سے جووعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی وعدہ پورانہیں کیاہے ۔رمن بھلہ نے کہاکہ مرکزی سرکار کی کمزورپالیسی کے نتیجے میں پاکستان سرحدکے اس پارکی جانب سے بے تحاشہ گولی باری اورفائرنگ کررہاہے جس کے نتیجہ میں سرحدی علاقوں کے لوگ متاثرہیں۔بھلہ نے مزیدکہاکہ پاکستان کی گولہ باری سے متاثرہ لوگوں کودرپیش مشکلات کے ازالہ کیلئے حکومت کچھ بھی نہیں کررہی ہے۔بعدازاں عوام کی مانگوں پرمشتمل ایک یادداشت ضلع انتظامیہ کے ذریعے وزیراعلیٰ کوارسال کی گئی۔