ادہم پور//جی کے انسٹی چیوٹ آف ٹریننگ اینڈ ریسرچ سنٹر منڈنے وزارت برائے سکل ڈیولپمنٹ اینڈ انٹر پرینور شپ ٹریننگ پارٹنرپردھان منتری خوشحال وکاس یوجناکے تحت این ایس ڈی سی کے رہنما خطوط کے تحت ضلع ادہم پور کے علاقہ پارلی منڈ میں ایک خوشحال وکاس میلے کا اہتما م کیا ۔ممبر پارلیمنٹ شمشیر سنگھ منہاس اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر ادہم پور رویندر کمار مہمان اعزازی تھے ، جنہوں نے رسمی طور سے اس میلے کا افتتاح کیا۔پروگرام کا آغاز انسٹی چیوٹ کے طلباءکی جانب سے سرسوتی وندنا پیش کرنے کے بعد روائیتی چراغ روشن کرکے ہوا۔ڈائریکٹر جی کے انسٹی چیوٹ آف ٹریننگ اینڈ ریسرچ سنٹر منڈ گورو کھجوریہ نے اس موقعہ پر خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور اور ٹریننگ سنٹر کی سرگرمیوں پر مشتمل مختصر خلاصہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سنٹر میں علاقہ کے 18سے 35سال کے بے روز گار نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال قریباََ350بے روز گار نوجوانوں کو 5کورسوں کٹنگ ، ٹیلرنگ،کمپیوٹر وغیرہ میں تربیت فراہم کی گئی۔ ان میں سے 293نوجوانوں پرائیویٹ سیکٹر کے مختلف شعبوں میں روز گار ملا۔انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شروع کئے گئے مشن کا حصہ بننے کے لئے آگے آیئں اور اس مشن کے تحت شروع کی گئی سکیموں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔