عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ پنشنرز اور بزرگ شہری سال 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کیلئے ضروری حصہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنشن کی تقسیم سے متعلق طریقہ کار کو آسان بنا رہی ہے تاکہ مستحقین کو زندگی میں آسانی فراہم کی جا سکے اور ان کی توانائیاں قوم کی تعمیر کے کام میں لگائی جا سکیں۔ ڈاکٹر سنگھ جموں کے کنونشن سنٹر میں وزارت عملہ، عوامی شکایات اور پنشن کے تحت محکمہ پنشن اور پنشنرز کی بہبود کے زیر اہتمام 54ویں قبل از ریٹائرمنٹ کونسلنگ ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت تاخیر کو کم کرنے اور پنشن سے متعلق انتظامی طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لئے جدید ترین اور بہترین دستیاب ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریٹائر ہونے والے ملازمین کی مہارت کو بروئے کار لانے اور انہیں ایک ’ٹیم انڈیا‘ کا حصہ بنانے کا عزم کیا ہے جسے ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سرپرستی میں حکومت نے انقلابی انتظامی اصلاحات کی ہیں اور نوآبادیاتی، قدیم اور فرسودہ اصولوں اور قوانین کو ختم کیا ہے۔ موصوف نے کہاکہ یہ سب کچھ شہری مرکز حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے کیا گیا ہے، جس میں شفافیت، جوابدہی اور زندگی کی آسانی کے لئے کام کیا جاسکے گا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کا استعمال اب پنشنرز کو ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ (ڈی ایل سی) جاری کرنے کے لئے کیا جا رہا ہے تاکہ دھوکہ دہی کو روکا جا سکے۔مرکزی وزیر نے سی پی جی آر اے ایم ایس کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا جو کہ ایک آن لائن پلیٹ فارم ہے جو شہریوں کو خدمات کی فراہمی سے متعلق کسی بھی موضوع پر عوامی حکام تک اپنی شکایات درج کرانے کے لئے چوبیس گھنٹے دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ پنشن اور پنشنرز کی بہبود کا محکمہ گڈ گورننس کے ایک حصے کے طور پر ملک بھر میں ریٹائرمنٹ سے پہلے کی مشاورتی ورکشاپس کا انعقاد کر رہا ہے تاکہ ریٹائر ہونے والے اہلکاروں کو ریٹائرمنٹ کے عمل میں سہولت فراہم کی جا سکے۔ حکومت ہند کے ریٹائر ہونے والے ملازمین کے فائدے کے لئے منعقد ہونے والی یہ ورکشاپ پنشنرز کے لئے ‘زندگی میں آسانی’ کی سمت میں ایک انقلابی قدم ہے۔ ورکشاپ میں جلد ہی ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے فوائد اور پنشن کی منظوری کے عمل سے متعلق متعلقہ معلومات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کیلئے ہموار منتقلی کو آسان بنانے کیلئے بھاویشیا پورٹل، مربوط پنشنرز پورٹل، ریٹائرمنٹ بینیفٹس، فیملی پنشن، سی جی ایچ ایس انکم ٹیکس کے قواعد،ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ، سرمایہ کاری کے طریقوں اور مواقع وغیرہ پر مختلف سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری کے مختلف طریقوں، ان کے فوائد اور سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی پر ایک تفصیلی سیشن بھی منعقد کیا جائے گا تاکہ ریٹائر ہونے والے افراد اپنے ریٹائرمنٹ فنڈز کی سرمایہ کاری کو وقت پر اچھی طرح سے منصوبہ بندی کر سکیں۔