جموں//منصوبہ بندی و ترقی محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے ہدایت دی ہے کہ تعمیرات عامہ ، بجلی ، صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکموں کے کام کی ریشنلائزیشن کے لئے نقش راہ تیار کیا جانا چاہئے۔اس سلسلے میں طلب کی گئی ایک میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ خورشید احمد شاہ ،ڈویژنل کمشنرجموں سنجیو ورما، سیکرٹری صحت عامہ فاروق احمد شاہ ، ڈائریکٹر جنرل پلاننگ شہزادہ بلال اور متعلقہ محکموں کے چیف انجینئر موجود تھے۔اس کے علاوہ صوبہ کشمیر میں تعینات چیف انجینئروں اور دیگر متعلقہ عملے نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے کام کی ریشنلائزیشن سے متعلق اگلے دس روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ رپورٹ کو چار حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔تیسرے حصے میں نئے ڈویژن قائم کرنے کے امکانات ظاہر کئے جائیں گے اور چوتھے حصے میں تمام افسران ریشنلائزیشن کی ضروریات کا جائزہ لیں گے۔میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ انجینئرنگ محکموں کو اپنے ورکس ڈویژنوں کے کام کی ریشنلائزیشن شروع کی جانی چاہئیں تاکہ ان کو اضلاع کی سرحدوں کے ساتھ مربوط کیا جاسکے جس سے ان ڈویژنوں کے کام کاج میں معقولیت آئے گی۔میٹنگ میں مزید فیصلہ لیا گیا کہ محکمے ورکس ڈویژنوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مربوط کرنے کے عمل کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔چیف انجینئروں کو سب ڈویژن کی سطح پر اندرونی میٹنگیں منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ ریشنلائزیشن پروگرام کی ترتیب ممکن بنائی جاسکے۔روہت کنسل نے کہا کہ لوگوں کو سکیموں کے فوائد حاصل کرنے کے لئے دوسرے اضلاع سے رابطہ کرنا پڑتا ہے جس کے نتیجے میں انہیں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی آسانی اور مطالبات کو مد نظر رکھتے ہوئے کاموں کی ریشنلائزیشن کے لئے مناسب اقدامات کریں۔