جموں//سرحدی حفاظتی فورس نے منگلوار کو سانبہ ضلع کے رام گڑھ سیکٹر میں بھارتی حدود کے ڈیڑھ کلومیٹر اندر ایک غیر شناخت شدہ پاکستانی شہری کوگولی مار کرہلاک کردیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 176بٹالین بی ایس ایف نے ملوچیک پوسٹ پر رام گڑھ پولیس اسٹیشن کی حدودمیں ایک پاکستانی شہری کودیکھا۔بار بار متنبہ کرنے کے باوجود وہ بھارتی حدودمیں آگے ہی بڑھتا رہا ۔ذرائع کے مطابق جب اُس نے بی ایس ایف اہلکاروں کے انتباہ کونظراندازکیا توانہوں نے اُس پر گولی چلائی اور وہ بین الاقوامی سرحدپر بھارتی حدود کے ڈیڑھ کلومیٹر اندرہلاک ہوگیا۔بی ایس ایف اہلکاروں نے موقعہ پر پہنچ کر اس کی تلاشی لی اور اس سے200روپے پاکستانی کرنسی کے برآمد ہوئے۔اہلکاروں کے مطابق مذکورہ شخص دماغی خلل کاشکار دکھائی دیتا ہے ۔اس کی لاش کوکمیونٹی ہیلتھ سینٹر رام گڑھ پوسٹ مارٹم کیلئے لئے جانے کاامکان ہے۔معاملے کی مزیدتحقیقات ہورہی ہے۔