نو جوانوں کی کھیلوں میں شرکت حوصلہ افزا :رانا

جموں //نیشنل کا نفرنس سنیئر لیڈر اور صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا نے نوجوانوں میں کھیلوں کی جانب بڑھتے ہوئے رحجان کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ن نوجوانوں کو ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ دیہی ترقی کے اشتراک سے ڈنسال بلاک میں منعقدہ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دیہی علا قوں میں والی بال ،بیڈ منٹن ،کبڈی ودیگر کھیلوں کی جانب نوجوانوں کا راغب ہونا خو ش آئندہے ۔نیشنل کا نفرنس لیڈر نے کہاکہ ان نوجوانوں کو درست سمت میں گامزن کرنا اور کھیلوں سے متعلق ریاستی سطح پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ مذکورہ نوجوانوں ریاست اور ملک کا نام روشن کرسکیں ۔ان کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر نے والی ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سابق ممبر اسمبلی نگروٹہ نے کہاکہ اسمبلی حلقہ میں نوجوانوں کو کھیلوں کیلئے سہولیات فراہم کر نے کیلئے اقدامات اٹھا ئے گئے ہیں ۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں میں کھیلوں کے سلسلہ میں بیداری پید ا کی جائے ۔ محکمہ دیہی ترقی کے زیر تحت منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں بلاک ڈنسال کی 15پنچاتیوں کے کھلاڑیوں اور ٹیموں نے شرکت کی ۔مختلف کھیلوں میں بہترین کارکر دگی کا مظاہرہ کر نے والے کھلاڑیوں او ر اور کامیاب ٹیموں میں انعامات و ٹرفیاں بھی تقسیم کی گئیں ۔اس موقعہ پر رولر ڈیو لپمنٹ سوسائٹی کے چیئر مین پر شوتم سنگھ ،صدر اشوک سینی ،قائمقا م صدر شام پرساد شرما ،ودیگران ھی موجود تھے ۔