کٹھوعہ//پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن نوین کمار چودھری نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ناگری پرول میں پشودھن میلے کا افتتاح کیا ۔ میلے کے دوران ہمسایہ ریاست پنجاب کے گائے ، بھینس کی مختلف اقسام اور کشمیر کی گائے بھینسوں کی نمائش کی گئی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے اس موقعہ پر کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیریو ٹی میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کے میلے کا انعقاد کیا گیا ہے تا کہ کسانوں کو جدید گائے بھینسوں کی اقسام سے متعلق جانکاری فراہم کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ گائے میلہ اب جموں کشمیر میں باقاعدگی سے منعقد ہوا کرے گا اور اس کے دائرے میں مرحلہ وار ہر ضلع کو لایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پشو پالن نے کسانوں کو بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدام اٹھائے ہیں اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آ کر انٹی گریٹڈ ڈیری ڈیولپمنٹ سکیم کے تحت آمدن بخش یونٹ قائم کریں جس کیلئے مشینری رعائتی داموں پر دستیاب رکھی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کو دودھ کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی غرض سے متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ ناگری پرول میں پشو پالن شعبے کے بنیادی ڈھانچے کو توسیع دینے کی مانگ کے ردِ عمل میں پرنسپل سیکرٹری نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کیلئے ایک جدید آلات سے لیس موبائیل وین فراہم کی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ اس نوعیت کے میلوں سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں اور پشو پالن محکمے کے اہلکاروں سے ماہرانہ رائے حاصل کریں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے اس موقعہ پر بہترین بریڈرز ایوارڈ بھی تقسیم کئے ۔ ناگری پرول کے ڈی ڈی سی چئیر مین ، ناظمِ پشو پالن ، ناظمِ باغبانی اور دیگر متعلقہ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔