نوجوان کشمیری قلمکاروں کے ساتھ ملاقات

جمو ں//ساہتیہ اکاڈمی اور جموں اینڈ کشمیر آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کی طرف سے کشمیر ی زبان کے اُبھرتے ہوئے قلمکاروں کے ساتھ ایک ادبی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ملاقات عنوان کے تحت منعقد ہ اس پروگرام کا انعقاد اکاڈمی کے احاطے میں کندن لال سہگل ہال میں منعقد کیا گیا۔ پانچ اُبھرتے ہوئے قلمکاروں نے مدعو سامعین کے سامنے مقالے پڑھے۔ ان میں روبینہ میر، شبیر حُسین شبیر، صبا شاہین اور رنکو کول شامل ہیں۔پروگرام کے آغاز میں کلچرل اکاڈمی کے سیکرٹری اور ساہتیہ اکاڈمی کے کشمیری مشاورتی بورڈ کے کنونئیر ڈاکٹر عزیز حاجنی نے مہمانوں اور قلمکاروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اُبھرتے ہوئے ادبی منظر نامے میں کشمیری زبان کو ایک کلیدی اہمیت حاصل ہے تا ہم اس کے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے اور انہیں آگے بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔اس تقریب میں متعدد قلمکاروں، شعراء، ثقافتی کارکنوں، طُلاب اور سکالروں نے شرکت کی۔ انہوں نے نوجوان قلمکاروں کی طرف سے پیش کئے گئے مقالوں کی کافی تعریف کی۔