جموں//چیف سیکرٹری بی بی وِیاس نے ایک میٹنگ کے دوران ریاست کے نوجوانوں کیلئے مختلف محکموں میں اُمید وار ’’حمایت ‘‘نامی فلیگ شپ پروگرامو ں کے تحت ہنرمندی اور روزگار اقدامات کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹری اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اس دوران نوجوانوں کے لئے سِکل اقدامات کی عمل آوری کا خاکہ پیش کیا گیا او رچیف سیکرٹری نے مشن ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ اِن پروگراموں سے متعلق تمام جانکاری اور پیش رفت تفصیلات جمع کریں۔چیف سیکرٹری نے ریلویز ، ہوٹل ، انڈسٹری اور پن بجلی پروجیکٹوں کے شعبوں میں نوجوانوں کو تربیت دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ آسانی سے روزگار حاصل کرسکیں۔اس موقعہ پرجانکاری دی گئی کہ غریب خواتین کو روزگار کے مواقعوں کے ساتھ منسلک کرنے کے لئے 2.4لاکھ خواتین پر مشتمل 24000 سیلف ہیلپ گروپ قائم کئے جاچکے ہیں۔ اسی طرح حمایت پروگرام کے تحت جے کے ایس آر ایل ایم نوجوانوں کو 6،9 اور 12 ماہ پر مشتمل تربیت فراہم کرتا ہے اور اب تک 10ہزار سے زائد اُمید واروں کو اس پروگرام کے تحت رجسٹر کیا جاچکا ہے۔