مینڈھر //مرکزی جامع مسجد مینڈھر میں سنی تحریک پیغام مصطفیٰ کے بینر تلے یک روزہ ’ ’پیغام مصطفیٰ ‘کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔مولانا مفتی محمد سلطان امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر کی صدارت ومولانا محمد اخلاق احمد نعیمی کی نظامت میں منعقد ہوئی کانفرنس میں مقامی علماء کے علاؤہ عالمی مبلغ اسلام مولانا الشیخ عبد الرشید داؤدی نے بھی شرکت کی جبکہ ان کے علاوہ راجوری سے مولانا محمد فاروق نقشبندی مجددی رضوی اور مولانا عبد الخالق بھی کانفرنس میں موجود تھے۔مقامی علما ء نے نماز ظہر سے پہلے سیرت النبیﷺکے موضوع پر خطاب کئے۔
نماز ظہر کے بعد مولانا محمد فاروق نقشبندی مجددی نے خطاب کیا۔ مہمان خصوصی مولانا الشیخ عبد الرشید داؤدی نے اپنے خطاب میں عشق رسول ﷺاور اصلاح معاشرہ کے تعلق سے گفتگو کی اور عوام الناس بالخصوص نوجوان نسل کو منشیات سے بچنے کی تلقین کی۔بعد میں انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی طاقت قرآن پاک میں ترمیم نہیں کرسکتی اور قرآن کی حفاظت کاذمہ خود پاک پروردگار نے لیا ہے جس میں آج تک نہ ہی کوئی تخریف ہوئی اور نہ ہی آئندہ ہوسکے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ وہی قرآن پاک ہے جو خلفائے راشدین سے ہوتے ہوئے اولیاء کرام تک پہنچا اور ہر ایک نے اس کے پیغام کو عام کیا۔