عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/میرواعظِ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے سینئر رہنما اور AACکے سابق جنرل سیکریٹری، غلام نبی زکی ساکن سوپور کے طویل علالت کے بعد آج انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
میرواعظ نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر ایک پوسٹ میں مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں شہیدِ ملت کے دیرینہ رفیق اور اپنا ایک معزز ساتھی قرار دیا، جن کی کشمیر کاز کے لیے خدمات بے پناہ اور غیر متزلزل رہیں۔
میرواعظ نے کہا کہ غلام نبی زکی اس جدوجہد کے ساتھ گہرا تعلق رکھتے تھے اور انہوں نے ثابت قدمی کے ساتھ بارہا قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ انہوں نے مرحوم کو ایک بے لوث اور مخلص سیاسی کارکن، اعلیٰ اخلاقی اقدار کا حامل انسان قرار دیا، جن کی زندگی خدمت اور قربانی سے عبارت تھی۔
میرواعظ نے ان کے انتقال کو ذاتی اور تنظیمی سطح پر ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔
انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندان کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
میرواعظ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو اس صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق دے۔
اس دوران میرواعظ کی ہدایت پر سرینگر سے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مرحوم کی تجہیز و تکفین اور نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اور مقامی آبادی نے انہیں نمناک آنکھوں سے سپرد خا ک کیا۔
دریں اثنا میرواعظ خاندان کے دیرینہ محب اور شہید رہنما کے قریبی رفیق خواجہ محمد یوسف ایتو ساکنہ کنہ مزار سرینگر کی وفات پر بھی گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا اور ان کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔
میرواعظ کا سینئر رہنما غلام نبی زکی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت