جموں//دلت شوشن مکتی منچ کے زیراہتمام ایک روزہ کنونشن کااہتمام کیاگیاجس کی صدارت تنظیم صدرسیوارام نے کی جبکہ اس موقعہ پر سی پی آئی (ایم ) لیڈرمحمدیوسف تاریگامی مہمان خصوصی تھے۔ کنونشن کے دوران دلتوں، اقلیتوں، ریزرویشن اِن پرموشنس ،ریزرویشن اِن پرائیویٹ سیکٹر، خالی پڑی اسامیوں کوپرکرنے کیلئے خصوصی بھرتی مہم ،کنٹریکٹ سسٹم پرقدغن لگانے، مستحق لوگوں کوزمین الاٹ کرنے ،مفت اوریکساں تعلیم اورآرمڈفورسزمیں ریزرویشن جیسے مطالبات کواُجاگرکیاگیا۔اس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے سی پی آئی (ایم) لیڈر محمدیوسف تاریگامی نے کہاکہ ملک بھرمیں دلتوں اوراقلیتوں پرحملوں میں اضافہ تشویشناک بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دلتوں اوراقلیتوں کے خلاف نفرت پھیلائی جارہی ہے ۔تاریگامی نے کہاکہ پسماندہ طبقوں کی بہبودکیلئے پالیسیاں بنائی جانی چاہیئے لیکن انہیں دبانے کی کوشش ہورہی ہیں جوکہ باعث افسوس بات ہے۔انہوں نے کہاکہ دلت کئی صدیوں سے جائزحقو ق سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اقلیتوں نیزایس سی ،ایس ٹی طبقوں کے حقوق نہیں دیئے جارہے ہیں۔تاریگامی نے کہاکہ جب سے مرکزمیں نریندرمودی کی قیادت میں حکومت قائم ہوئی ہے تب سے دلتوں اوراقلیتوں کے ساتھ ناانصافی کاسلسلہ عروج پہنچ گیاہے۔انہوں نے کہاکہ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت وہاں اقلیتوں ،ایس سی ،ایس ٹی اوردلتوں پربڑے پیمانے پرحملے ہورہے ہیں جن کی روکتھام کیلئے مرکزی حکومت نے اقدامات نہیں اٹھائے۔تاریگامی نے کہاکہ جموں میں قبضہ مخالف مہم مخصوص طبقے کے خلاف چلانے اوربڑی مچھلیوں کے خلاف کاروائی نہ کرناافسوسناک ہے۔انہوں نے کہاکہ قبضہ مخالف مہم کواسی صورت میں جائزٹھہرایاجاسکتاہے جب بلاامتیازمذہب وملت کارروائی عمل میں لائی جائے۔سیواام نے دلتوں اوراقلیتوں کے مسائل پرخیالات کااظہارکیا۔ ترسیم کھلر، صدرامبیدکرسینا، بودھراج راج ،تاراچندودیگران نے کہاکہ ایس سی /ایس ٹی/اوبی سی اورپسماندہ طبقوں اوردلتوں کے کاذ کی ہم حمایت کرتے ہیں۔ اس دوران نظامت کے فرائض رومیش سرمل نے انجام دیئے۔