سرینگر // مسلم لیگ کے ترجمان محمد سعد نے پارٹی کے محبوس چیرمین مشتاق الاسلام کو ججھر جیل ہریانہ میں قید تنہائی میں رکھنے اور جیل میں سبھی قیدیوں کوکوئی طبی سہولیات بہم نہ رکھنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مشتاق الاسلام کو 6*6سیل میں رکھا گیا ہے اور محبوسین کو ایک دوسرے سے ملنے نہیں دیاجاتا ہے۔انھوں نے جھجھر جیل میں تعینات جیل عملے کی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کو غیر معیاری خوراک فراہم کی جارہی ہے اور طبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے سبھی قیدیوں کی حالت انتہائی حد تک تشویشناک ہے۔محمد سعد نے جیل حکام کے غیر انسانی رویہ کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کے مذاحمتی سیاسی قائدین و اراکین کو جان بوجھ کر غیر ریاستی جیلوں میں منتقل کیا جارہا ہے اور اس طرح انہیں اور ان کے اہل خانہ کو شدید مصائب میں مبتلا کیا جارہا ہے۔انھوں نے محبوسین کے معاملوں کے سلسلے میں وکلاء برادری کو دلچسپی اور تن دہی کا مظاہرہ کر نے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اہل خانہ محبوسین کے معاملوں کے سلسلے میں دردر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں اور انہیں اس سلسلے میں قانونی ماہرین کی رہنمائی اور خلوص پر مبنی مشورے کی ضرورت ہے۔